مارک کارنی کو عالمی سطح پر ’’ڈیموکریسی میڈل 2026‘‘ دینے کا اعلان

اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) عالمی جمہوریت کے فروغ اور مؤثر قیادت کا اعتراف، سابق فاتحین میں نیلسن منڈیلا، الیکسی ناوالنی اور زیلنسکی بھی شامل۔

کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی کو انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف پولیٹیکل کنسلٹنٹس (IAPC) کی جانب سے 2026 کا ڈیموکریسی میڈل دیا جائے گا۔ گلوبل نیوز کے مطابق ایوارڈ کا اعلان ہفتے کی شام اسپین کے شہر سیویل میں تنظیم کی سالانہ کانفرنس کے دوران کیا گیا۔ ایشیائی دورے کے باعث کارنی تقریب میں شرکت نہیں کر سکے۔

مارکو راکر
تنظیم کے صدر مارکو راکر کے مطابق کارنی نے عالمی سیاسی تبدیلیوں کے دور میں واضح مؤقف اختیار کیا اور ثابت کیا کہ درمیانی طاقت رکھنے والے ممالک بھی متحد ہو کر عالمی نظام، قانون کی حکمرانی اور بین الاقوامی امن کے تحفظ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
ایوارڈ کے سابق فاتحین میں جنوبی افریقہ کے سابق صدر نیلسن منڈیلا، یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی اور روسی جمہوریت پسند رہنما الیکسی ناوالنی شامل ہیں۔

اعزاز پہلی مرتبہ کب دیا گیا 

یہ اعزاز پہلی مرتبہ 1982 میں پولینڈ کی تحریکِ یکجہتی کے رہنما لیخ والیسا کو دیا گیا تھا۔کارنی کی خارجہ پالیسی کا اہم موڑ رواں سال 20 جنوری کو سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم سے خطاب تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ درمیانی طاقت رکھنے والے ممالک کو بڑی طاقتوں کی خوشنودی حاصل کرنے کے بجائے باہمی اتحاد کے ذریعے عالمی سیاست میں اپنا مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔

مارک کارنی 

کارنی نے کسی ملک کا نام لیے بغیر بڑی طاقتوں کی بالادستی پر تنقید کی اور کہا کہ عالمی نظام میں آنے والی تبدیلیوں کے باوجود قانون، دیانت داری اور اجتماعی تعاون کی طاقت برقرار رہ سکتی ہے۔
کارنی ان دنوں ایشیائی دورے پر ہیں۔ فلپائن میں آسیان سربراہی اجلاس اور کمبوڈیا میں فرانکوفونی اجلاس کے بعد وہ چین کے شہر شینزن جائیں گے، جہاں ایشیا پیسیفک اقتصادی تعاون (APEC) کا سربراہی اجلاس ہوگا۔ چینی صدر شی جن پنگ اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی شرکت بھی متوقع ہے۔ کارنی نے شی جن پنگ سے علیحدہ ملاقات کی توقع ظاہر کی ہے، تاہم ٹرمپ سے ممکنہ دوطرفہ ملاقات کے بارے میں صورتحال واضح نہیں۔

ہمیں فالو کریں

[uw_related_posts]