اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آج سے پانچ جون تک لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں تیز ہوائیں چلنے اور وقفے وقفے سے بارشیں ہونے کا امکان ہے۔ اس دوران بعض علاقوں میں موسم مزید غیر مستحکم ہو سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی حصوں میں مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ داخل ہو رہا ہے جس کے اثرات پنجاب کے موسم پر بھی پڑیں گے۔ لاہور میں آئندہ دنوں کے دوران مطلع جزوی ابر آلود رہنے اور بارش کے امکانات موجود ہیں۔
محکمہ کے مطابق شہر کا کم سے کم درجہ حرارت تقریباً اٹھائیس ڈگری جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت اڑتیس ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ موجودہ درجہ حرارت تقریباً اکتیس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ادھر پنجاب کے بعض علاقوں میں تیز بارشوں کے ساتھ ژالہ باری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس سے معمولات زندگی متاثر ہو سکتے ہیں۔
دوسری جانب ملک کے جنوبی حصوں، خصوصاً بلوچستان اور سندھ میں موسم شدید گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ خیبر پختونخوا میں شدید گرمی کے باعث گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے اور سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے چترال، دیر، سوات، کوہستان اور مانسہرہ کے علاقوں کے لیے الرٹ جاری کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو احتیاطی اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔