محکمہ موسمیات کی مون سون بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی، اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ

اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں مون سون بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ جولائی کے پہلے ہفتے کے دوران مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارشیں، اربن فلڈنگ، ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق یکم سے 6 جولائی کے دوران آزاد کشمیر کے بیشتر علاقوں، جن میں مظفرآباد، راولاکوٹ، پونچھ، باغ اور حویلی شامل ہیں، بارش کا امکان ہے۔ اسی طرح خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں یکم سے 5 جولائی تک بارشیں متوقع ہیں۔

پیشگوئی کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، مری، گلیات، اٹک، چکوال اور جہلم میں بھی بارشوں کا امکان ہے، جبکہ 3 سے 6 جولائی کے دوران ساہیوال، جھنگ، ملتان اور خانیوال میں بھی بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ گلگت بلتستان میں بھی یکم سے 5 جولائی تک بارشوں کا امکان ہے، جبکہ بلوچستان اور سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ داخل ہونے کی توقع ہے۔

ادارے نے خبردار کیا ہے کہ موسلا دھار بارشوں اور آسمانی بجلی گرنے کے باعث کمزور اور خستہ حال تعمیرات کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ اس کے علاوہ بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی موجود ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شدید بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی اور مقامی سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، جبکہ اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، لاہور اور فیصل آباد کے نشیبی شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔

محکمہ موسمیات نے سیاحوں، مسافروں اور متعلقہ اداروں کو خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔

    📰 اقوامِ متحدہ سے تازہ ترین اردو خبریں