اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہوتے ہی کئی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا، جس سے معمولات زندگی متاثر ہونے لگے ہیں۔ صبح سے جاری موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے جبکہ اہم شاہراہوں پر پانی کھڑا ہونے سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کا نیا سسٹم پنجاب میں 5 جولائی تک کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارشوں کا سبب بنے گا۔ لاہور میں بھی رات گئے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا اور گرمی کی شدت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔
مختلف علاقوں میں بارش ریکارڈ
لاہور میں بارش کے باعث کئی سڑکوں پر پانی جمع ہونے لگا، تاہم واسا کی جانب سے نکاسی آب کے لیے عملہ متحرک کر دیا گیا ہے۔
اب تک لاہور میں سب سے زیادہ بارش مغل پورہ میں 44 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ تاجپورہ میں 38.6 ملی میٹر، جوہر ٹاؤن میں 26.8 ملی میٹر، چوک ناخدا میں 20.2 ملی میٹر، پانی والا تالاب میں 19.8 ملی میٹر اور لکشمی چوک میں 15.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔
واسا حکام کے مطابق بارش شروع ہوتے ہی آپریشنل اسٹاف کو مختلف شاہراہوں پر تعینات کر دیا گیا تاکہ پانی کی نکاسی کا عمل جلد مکمل کیا جا سکے۔
پنجاب بھر میں الرٹ جاری
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر پنجاب بھر میں الرٹ جاری کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں :بنگلہ دیش، طوفانی بارشیں ،لینڈ سلائیڈنگ سے 44 افراد ہلاک، 10 لاکھ سے زائد متاثر
پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، قصور، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ، سرگودھا، ملتان، بہاولپور، رحیم یار خان، راولپنڈی، مری، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال سمیت کئی اضلاع میں بارشوں کا امکان ہے۔
اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ
محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان جیسے بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔
جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں مسلسل بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
گوجرانوالہ میں صورتحال خراب
گوجرانوالہ شہر اور گردونواح میں رات سے جاری طوفانی بارش نے کئی علاقوں کو متاثر کیا ہے۔ شہر کے نشیبی علاقوں، گلی محلوں اور متعدد انڈر پاسز میں پانی جمع ہو گیا، جس کے باعث آمدورفت میں مشکلات پیدا ہوئیں۔
سول اسپتال روڈ، سیالکوٹ روڈ، کمشنر روڈ، ڈی سی روڈ، پسرور روڈ، گل روڈ، جی ٹی روڈ اور حافظ آباد روڈ سمیت کئی اہم شاہراہوں پر پانی کھڑا ہونے کی اطلاعات ہیں۔
ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد کے مطابق شہر میں اوسطاً 140 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ پیپلز کالونی میں سب سے زیادہ 171 ملی میٹر بارش ہوئی، جبکہ نوشہرہ روڈ پر 151 ملی میٹر، سیٹلائٹ ٹاؤن میں 150 ملی میٹر اور عالم چوک میں 149 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
سیالکوٹ میں بارش سے نظام متاثر
سیالکوٹ میں بھی چند گھنٹوں کی تیز بارش نے کئی علاقوں کو متاثر کیا۔ دارا ارائیاں اور دیگر نشیبی علاقوں میں کئی فٹ پانی جمع ہو گیا جبکہ بعض مقامات پر پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہونے کی اطلاعات سامنے آئیں۔
شہریوں نے شکایت کی کہ نکاسی آب کے انتظامات ناکافی نظر آئے، جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
ٹریفک پولیس کی شہریوں کو ہدایت
لاہور ٹریفک پولیس نے بارش کے دوران شہریوں کے لیے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
شہریوں کو کہا گیا ہے کہ دوران سفر رفتار کم رکھیں، اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ برقرار رکھیں، اچانک بریک لگانے سے گریز کریں جبکہ موٹر سائیکل سوار لازمی ہیلمٹ استعمال کریں۔
حکام کے مطابق مون سون بارشوں کا سلسلہ آئندہ چند روز تک جاری رہنے کا امکان ہے، اس لیے تمام متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔