کیلگری (محمد امان اللہ)پاکستان کینیڈا ایسوسی ایشن نے میئر جیرومی فرکس، کونسلر راج ڈھالیوال اور سٹی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے منصوبے کو نوجوانوں اور کمیونٹی کے لیے اہم سنگِ میل قرار دے دیا۔
نارتھ ایسٹ کیلگری میں کھیلوں اور کمیونٹی سرگرمیوں کے لیے ایک جدید مرکز کی تعمیر کا آغاز شہر کی ترقی میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ پاکستان کینیڈا ایسوسی ایشن (PCA) کیلگری نے 170.4 ملین ڈالر کے نارتھ ایسٹ ایتھلیٹک کمپلیکس کے منصوبے پر عملی پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے میئر جیرومی فرکس، وارڈ 5 کے سٹی کونسلر راج ڈھالیوال اور سٹی آف کیلگری کی انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی ہے۔
ایسوسی ایشن کے صدر اظہر ہنجرا نے اس موقع پر کہا کہ شہر کے مختلف علاقوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترقیاتی منصوبوں پر سرمایہ کاری کرنا قابلِ تحسین اقدام ہے۔ بالخصوص نارتھ ایسٹ کیلگری میں جدید کھیلوں اور تفریحی سہولیات کی فراہمی مقامی آبادی کا ایک اہم تقاضا رہا ہے۔ اس منصوبے سے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے اور خاندانوں کو صحت مند تفریحی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔
پاکستان کینیڈا ایسوسی ایشن کے صدر اظہر ہنجرا، نائب صدر حسن نواب، جنرل سیکریٹری نعمان مشتاق اور دیگر عہدیداران نے میئر جیرومی فرکس، کونسلر راج ڈھالیوال سمیت اس منصوبے کی منصوبہ بندی اور منظوری میں کردار ادا کرنے والے تمام کونسلرز اور متعلقہ حکام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
نارتھ ایسٹ کیلگری میں منعقدہ سنگِ بنیاد کی تقریب کے ساتھ ہی اس اہم منصوبے کی تعمیر کے اگلے مرحلے کا آغاز ہو گیا ہے۔ تقریباً 35 ایکڑ رقبے پر تعمیر ہونے والے اس کمپلیکس میں 162 ہزار مربع فٹ سے زائد اندرونی سہولیات فراہم کی جائیں گی، جو اسے شہر کے نمایاں کھیلوں اور کمیونٹی مراکز میں شامل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
منصوبے میں کرکٹ کے لیے خصوصی گراؤنڈ، مصنوعی ٹرف پر مشتمل چار آؤٹ ڈور ملٹی پرپز کھیلوں کے میدان، سال بھر استعمال کے قابل انڈور فیلڈ ہاؤس، کرکٹ بیٹنگ نیٹس اور کھلاڑیوں کے لیے جدید سہولیات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ تماشائیوں کے لیے نشستوں، 550 سے زائد گاڑیوں کی پارکنگ، سبزہ زاروں، پیدل چلنے کے راستوں، پکنک ایریاز اور بچوں کے کھیلنے کی جگہوں کا بھی انتظام کیا جائے گا۔
اس منصوبے کی ایک نمایاں خصوصیت کرکٹ کے لیے مخصوص سہولیات ہیں، جو کیلگری میں آباد پاکستانی، جنوبی ایشیائی اور دیگر کرکٹ سے دلچسپی رکھنے والی کمیونٹیز کے لیے خصوصی اہمیت رکھتی ہیں۔ اس سے مقامی نوجوانوں کو کھیلوں میں آگے بڑھنے، تربیت حاصل کرنے اور اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے نئے مواقع ملنے کی توقع ہے۔
اظہر ہنجرا نے مزید کہا کہ کسی بھی شہر کی حقیقی ترقی اس وقت ممکن ہوتی ہے جب تمام علاقوں کے رہائشیوں کی ضروریات کو یکساں اہمیت دی جائے۔ نارتھ ایسٹ کیلگری جیسے تیزی سے ترقی کرتے ہوئے علاقے میں اس نوعیت کی سہولت نہ صرف کھیلوں کے فروغ بلکہ مختلف کمیونٹیز کے درمیان رابطوں اور ہم آہنگی کو مضبوط بنانے میں بھی اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
پاکستان کینیڈا ایسوسی ایشن، جو کئی دہائیوں سے کیلگری میں پاکستانی کمیونٹی کی نمائندگی اور فلاح و بہبود کے لیے سرگرم عمل ہے، نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ منصوبہ آنے والی نسلوں کے لیے ایک دیرپا اثاثہ ثابت ہوگا۔
ایسوسی ایشن نے میئر جیرومی فرکس، کونسلر راج ڈھالیوال اور سٹی آف کیلگری کی پوری ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ کمیونٹی کی ترقی، نوجوانوں کے بہتر مستقبل اور شہر کی اجتماعی خوشحالی کے لیے ایسے اقدامات کی ہمیشہ حوصلہ افزائی کی جاتی رہے گی۔
