اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ لبنان اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے لیے مذاکرات آج سے شروع ہو رہے ہیں۔ ان کے مطابق دونوں ممالک کے رہنما تینتیس برس کے بعد پہلی بار براہِ راست بات چیت کریں گے، اور وہ اس عمل کو آگے بڑھانے کے لیے کوشش کر رہے ہیں۔
تاہم مذاکرات کے اعلان کے باوجود لبنان پر اسرائیلی حملے بدستور جاری ہیں۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید تینتالیس شہری شہید ہو گئے ہیں۔
جنوبی لبنان کے علاقے بنت جبیل میں حزب اللہ اور اسرائیلی افواج کے درمیان شدید جھڑپیں رپورٹ ہوئی ہیں، جہاں اسرائیلی طیاروں اور ہیلی کاپٹروں نے علاقے میں بمباری کی ہے۔
لبنانی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی افواج نے گرینڈ مارکیٹ کے قریب کئی گھروں کو مسمار کر دیا ہے جبکہ قصبہ تبنین پر بھی فضائی حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں ایک اسپتال کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
یاد رہے کہ دو مارچ سے جاری اسرائیلی کارروائیوں میں اب تک دو ہزار ایک سو ستاسٹھ افراد شہید اور سات ہزار اکسٹھ زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ لاکھوں افراد بے گھر بھی ہوئے ہیں۔