اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز) فیفا ورلڈ کپ کے قریب آتے ہی کینیڈا کے شہر وینکوور میں انتظامیہ نے نئے ضوابط نافذ کر دیے ہیں، جن کے تحت اسٹیڈیم بی سی پلیس اور فیفا فین فیسٹیول کے اطراف سخت قواعد لاگو کیے گئے ہیں۔
ان قوانین کا مقصد بڑے ایونٹ کے دوران برانڈنگ اور انتظامی کنٹرول کو منظم رکھنا ہے، تاہم اس کے نتیجے میں اسٹریٹ پرفارمرز، دکانداروں اور چھوٹے کاروباروں پر پابندیاں عائد ہو گئی ہیں۔ نئے ضوابط کے مطابق سڑک کنارے پرفارمنس کے لیے اجازت نامہ لازمی ہوگا جبکہ غیر مجاز تجارتی سائن بورڈز ہٹا دیے جائیں گے۔
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ فیفا کی برانڈنگ کے تحفظ کے لیے مخصوص الفاظ اور لوگوز کے غیر مجاز استعمال پر بھی پابندی ہوگی، جس سے کاروباری سرگرمیوں میں نمایاں تبدیلی آئی ہے۔
کچھ کاروباری افراد نے ان اقدامات پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ایک مقامی کاروباری منتظم کنگزلی بیلی کا کہنا ہے کہ نئے قوانین حد سے زیادہ سخت ہیں اور چھوٹے کاروباروں کے لیے مشکلات پیدا کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق وہ اپنے کاروبار میں ایسی حکمت عملی اختیار کر رہے ہیں جس سے وہ رسمی اشتہاری پابندیوں سے بچ سکیں، مثلاً دکان میں صرف مجاز مصنوعات کو نمایاں رکھنا۔
انہوں نے کہا کہ جو دکانیں فیفا کی لائسنس یافتہ مصنوعات فروخت کر رہی ہیں انہیں یہ حق ہونا چاہیے کہ وہ اس بات کو واضح طور پر ظاہر کر سکیں۔ ان کے مطابق جب کوئی کاروبار برانڈ کو فروغ دے رہا ہو تو اسے اس کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے نہ کہ سخت پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے۔
دوسری جانب شہر کی انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ یہ اقدامات بڑے عالمی ایونٹ کے دوران نظم و ضبط، سیکیورٹی اور برانڈنگ کے تحفظ کے لیے ضروری ہیں، تاکہ کسی بھی قسم کی غیر مجاز تجارتی سرگرمی کو روکا جا سکے۔