اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے ایران سے متعلق جنگ بندی میں توسیع کی درخواست قبول کرنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا ہے، اور اس پیش رفت کو خطے میں امن کے لیے اہم قرار دیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ وہ اپنی اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی جانب سے جنگ بندی میں توسیع کی درخواست قبول کیے جانے پر امریکی صدر کے شکر گزار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام کشیدگی میں کمی اور سفارتی حل کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔
وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ تنازع میں شامل فریقین اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات کے دوسرے دور میں ایک جامع اور دیرپا امن معاہدے تک پہنچنے میں کامیاب ہوں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارتکاری کے راستے کو ہی ترجیح دیتا رہے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اپنی کوششیں جاری رکھے گا تاکہ فریقین جنگ بندی کی مکمل پاسداری کریں اور کسی بھی ممکنہ کشیدگی سے گریز کیا جا سکے۔ ان کے مطابق موجودہ صورتحال میں تحمل اور بات چیت ہی مسائل کا واحد مؤثر حل ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی درخواست پر ایران کے خلاف ممکنہ کارروائی کو مؤخر کیا جا رہا ہے، تاکہ ایرانی قیادت کو متفقہ تجاویز پیش کرنے کا موقع دیا جا سکے۔
یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب خطے میں کشیدگی عروج پر تھی، اور عالمی برادری کی نظریں اس بات پر مرکوز ہیں کہ آیا سفارتی کوششیں مستقل امن کے قیام میں کامیاب ہو پاتی ہیں یا نہیں۔