اردوورلڈکیینڈا(ویب نیوز)سعودی عرب کے خلاف حوثی ملیشیا کی ڈرون کارروائیاں جاری ہیں، سعودی اتحادی افواج نے مختلف علاقوں میں بھیجے گئے تین ڈرون تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جن میں مدینہ منورہ کی جانب آنے والا ایک ڈرون بھی شامل ہے۔
سعودی اتحادی فوج کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی کے مطابق حوثی ملیشیا کی جانب سے بھیجے گئے تین ڈرونز کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔ ان میں سے ایک ڈرون مدینہ منورہ کے علاقے کی جانب بڑھ رہا تھا، جسے تباہ کر دیا گیا، جبکہ دوسرا ڈرون سعودی عرب کے جنوبی علاقے اور تیسرا مشرقی علاقے میں مار گرایا گیا۔دوسری جانب حوثی ملیشیا نے مدینہ منورہ پر ڈرون حملے کرنے کی تردید کی ہے۔
یمنی فوج کا حوثی ٹھکانوں پر 1087 حملوں کا دعویٰ
ادھر یمن کی مسلح افواج نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے حوثی ملیشیا کے ٹھکانوں اور عسکری تنصیبات پر مجموعی طور پر 1087 حملے کیے، جن کے نتیجے میں تقریباً 336 حوثی کمانڈروں اور جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا جبکہ 112 فوجی گاڑیوں اور دیگر عسکری سازوسامان کو تباہ یا ناکارہ بنایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں :اسرائیل کیساتھ تجارت کرنیوالے جہازوں کو نشانہ بنائینگے،یمنی حوثیوں کی دھمکی
یمنی فوج کے ترجمان نے اپنے بیان میں بتایا کہ یہ کارروائیاں ’’فجرِ یمن‘‘ نامی فوجی مہم کا حصہ تھیں، جن میں جنگی طیاروں، ڈرونز، فیلڈ آرٹلری اور راکٹ لانچرز کا استعمال کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق حملوں میں حوثی ملیشیا کے اگلے مورچوں پر قائم کمانڈ اینڈ کنٹرول مراکز، جنگجوؤں کے اجتماع، کمک پہنچانے والے دستوں، فائرنگ کی پوزیشنوں اور مضبوط دفاعی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔
اس کے علاوہ حوثیوں کی عسکری رسد، نقل و حرکت کے راستوں اور بھاری ہتھیاروں کی صلاحیتوں کو بھی نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
یمنی فوج کے مطابق ان کارروائیوں کا مقصد حوثی ملیشیا کی عسکری صلاحیتوں، کمانڈ سسٹم اور جنگی نقل و حرکت کو نقصان پہنچانا تھا۔
