پاکستان ثالثی کے لیے سرگرم، دفاعی معاہدے میں ایران سمیت نئے ممالک کی شمولیت کا امکان،ڈی جی آئی ایس پی آر

اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرانے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششیں جاری ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان ثالثی کے حوالے سے پاکستان محتاط انداز میں پرامید ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا ایک ماہ کے دوران دو مرتبہ ایران کا دورہ کرنا اس بات کی علامت ہے کہ سفارتی سطح پر رابطے جاری ہیں اور کشیدگی میں کمی کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے لیے اپنا سفارتی کردار ادا کر رہا ہے اور ایران امریکا اختلافات کم کرنے کی کوششوں کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔

ایران سمیت کسی بھی ملک کے لیے دفاعی معاہدے کے دروازے کھلے

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون کے حوالے سے کہا کہ اس معاہدے میں دیگر ممالک کی شمولیت کی گنجائش موجود ہے۔

یہ بھی پڑھیں :پاکستان سعودی عرب کے دفاع کے لیے کسی بھی حد تک جائے گا، ڈی جی آئی ایس پی آر

ان کا کہنا تھا کہ مشترکہ دفاع اور علاقائی امن پر یقین رکھنے والے ممالک کا خیرمقدم کیا جائے گا اور ایران سمیت کوئی بھی ملک مکہ معاہدے میں شامل ہو سکتا ہے۔ تاہم کسی نئے ملک کی شمولیت کا حتمی فیصلہ تینوں ممالک کی سیاسی قیادت کرے گی۔

حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے پاکستان کا عزم

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ سعودی عرب کو دفاعی تعاون فراہم کرنا پاکستان کے عزم کا حصہ ہے اور حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے پاکستان پوری طرح پرعزم ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان یمن کے اندرونی تنازع کا حصہ نہیں ہے۔

خیبرپختونخوا میں انسداد دہشت گردی کارروائیوں کا دائرہ بڑھانے کا فیصلہ

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے خیبرپختونخوا میں سکیورٹی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔

ان کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز اور کارروائیاں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کی جاتی ہیں تاکہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور سرگرمیوں کو نشانہ بنایا جا سکے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

ہمیں فالو کریں

[uw_related_posts]