اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) سعودی عرب نے بین الاقوامی سیاحت کے فروغ اور غیر ملکی سیاحوں کو مزید سہولت فراہم کرنے کے لیے پاکستان سمیت سات ممالک کے شہریوں کے لیے نئی سیاحتی پیکج ویزا سروس متعارف کرا دی ہے۔
اس اقدام کا مقصد مملکت میں آنے والے سیاحوں کے لیے ویزا کے حصول کے عمل کو مزید آسان اور تیز بنانا ہے۔سعودی وزیرِ سیاحت احمد الخطیب نے بتایا کہ وژن 2030 کے تحت سیاحت کے شعبے کو فروغ دینے کے لیے متعدد اصلاحات کی گئی ہیں۔ ان اصلاحات کے نتیجے میں الیکٹرانک سیاحتی ویزا، آمد پر ویزا (Visa on Arrival) اور ٹرانزٹ ویزا جیسی سہولیات پہلے ہی متعارف کرائی جا چکی ہیں، جبکہ اب سیاحتی پیکج ویزا کی نئی آزمائشی سروس بھی شروع کی گئی ہے۔
وزارتِ سیاحت کے مطابق ابتدائی مرحلے میں اس سہولت سے پاکستان، میکسیکو، انڈونیشیا اور مصر کے شہری استفادہ کر سکیں گے۔ اس کے علاوہ بھارت، بنگلادیش اور اردن کو بھی اس پروگرام میں شامل کیا گیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ منظور شدہ سیاحتی پیکج کی خریداری کے بعد درخواست گزار کو زیادہ سے زیادہ 48 گھنٹوں کے اندر ویزا جاری کر دیا جائے گا، جس سے سفر کی منصوبہ بندی پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ آسان اور تیز ہو جائے گی۔سعودی حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اقدام وژن 2030 کے اہداف کے مطابق سیاحت کے شعبے کو وسعت دینے، دنیا بھر سے مزید سیاحوں کو راغب کرنے اور مملکت کو ایک نمایاں عالمی سیاحتی مرکز بنانے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔