اردوورلڈکیینڈا(ویب نیوز)آزاد کشمیر کے انتخابات کے تیسرے مرحلے میں پولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے جبکہ مختلف حلقوں سے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج سامنے آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ تیسرے مرحلے میں ضلع باغ اور حویلی کی 4 نشستوں پر پولنگ ہوئی، جہاں امیدواروں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا۔
ابتدائی نتائج کے مطابق باغ کے مختلف حلقوں میں مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی اور دیگر جماعتوں کے امیدواروں کے درمیان مقابلہ جاری ہے، تاہم ایل اے 14 باغ 1 میں بڑا سیاسی اپ سیٹ سامنے آیا ہے۔
عتیق احمد خان کو شکست
ایل اے 14 باغ 1 کے تمام 214 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج موصول ہوگئے ہیں۔نتائج کے مطابق مسلم کانفرنس کے سربراہ اور سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان اپنی آبائی نشست پر شکست کھا گئے ہیں۔
جموں و کشمیر دست و بازو پارٹی کے سردار ساجد اقبال نے 40 ہزار 427 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی، جبکہ سردار عتیق احمد خان 19 ہزار 120 ووٹ لے سکے۔
یہ بھی پھیں :آزاد جموں و کشمیر، الیکشن کمیشن نے انتخابی شیڈول میں ترمیم کر دی
سردار ساجد اقبال نے اپنے حریف کے مقابلے میں 21 ہزار 307 ووٹ کی برتری حاصل کی اور عتیق احمد خان کے مقابلے میں دگنے سے بھی زیادہ ووٹ حاصل کیے۔
ایل اے 15 میں پیپلزپارٹی آگے
ایل اے 15 باغ 2 میں 213 پولنگ اسٹیشنز میں سے 45 کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج سامنے آئے ہیں۔ابتدائی نتائج کے مطابق پیپلزپارٹی کے ضیاء قمر 5 ہزار 200 ووٹ حاصل کرکے پہلے نمبر پر ہیں جبکہ مسلم لیگ (ن) کے محمد مشتاق احمد منہاس 2 ہزار 244 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔حلقے میں مزید پولنگ اسٹیشنز کے نتائج آنا باقی ہیں، جس کے بعد صورتحال مزید واضح ہوگی۔
ایل اے 16 میں ن لیگ کو برتری
ایل اے 16 باغ 3 میں 186 پولنگ اسٹیشنز میں سے 84 کے نتائج موصول ہوئے ہیں۔ابتدائی غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے سردار میر اکبر خان 9 ہزار 243 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر ہیں جبکہ پیپلزپارٹی کے سردار قمر زمان خان 7 ہزار 144 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔سردار میر اکبر خان کو اس وقت 2 ہزار 99 ووٹ کی برتری حاصل ہے، تاہم حلقے کے مزید پولنگ اسٹیشنز کے نتائج آنا باقی ہیں۔
ایل اے 17 میں بھی ن لیگ آگے
ایل اے 17 باغ 4 میں 199 پولنگ اسٹیشنز میں سے صرف 2 کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج موصول ہوئے ہیں۔ابتدائی نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے چودھری محسن عزیز 443 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر ہیں جبکہ پیپلزپارٹی کے راجہ فیصل ممتاز راٹھور 344 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
چودھری محسن عزیز کو اس وقت 99 ووٹ کی برتری حاصل ہے، تاہم حلقے کے 197 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج ابھی آنا باقی ہیں۔
نتائج کا سلسلہ جاری
آزاد کشمیر کے تیسرے مرحلے میں پولنگ مکمل ہونے کے بعد مختلف حلقوں میں ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔ ابتدائی نتائج میں بعض حلقوں میں سخت مقابلہ دیکھنے میں آرہا ہے جبکہ ایل اے 14 باغ 1 میں سابق وزیراعظم اور مسلم کانفرنس کے سربراہ سردار عتیق احمد خان کی شکست کو اہم سیاسی اپ سیٹ قرار دیا جارہا ہے۔حکام کی جانب سے مکمل اور حتمی نتائج جاری ہونے کے بعد ہی کامیاب امیدواروں کی حتمی پوزیشن واضح ہوگی۔