اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) پاسداران انقلاب گارڈز (IRGC) کی بحریہ نے ایرانی کنٹرول کے تحت آبنائے ہرمز کا نیا نقشہ جاری کر دیا ہے، جس میں اس اہم آبی گزرگاہ کی جغرافیائی حدود کو نمایاں انداز میں دکھایا گیا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق جاری کردہ نقشے میں آبنائے ہرمز کے جنوبی حصے میں ایرانی علاقے کوہِ مبارک اور متحدہ عرب امارات کے شہر فجیرہ کے درمیان ایک واضح حد بندی لائن کھینچی گئی ہے، جسے ایرانی کنٹرول کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔اس پیش رفت سے قبل ایرانی حکام کی جانب سے تمام تجارتی بحری جہازوں اور آئل ٹینکرز کو ہدایت جاری کی گئی تھی کہ وہ آبنائے ہرمز سے گزرتے وقت ایرانی فوج کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں۔
ایرانی حکام نے امریکی بحریہ کو بھی سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ آبنائے ہرمز کے قریب آنے سے گریز کرے۔ ایرانی خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈکوارٹرز کے ایک سینئر کمانڈر نے دعویٰ کیا کہ ایران اس اہم گزرگاہ پر مکمل کنٹرول رکھتا ہے اور کسی بھی ممکنہ خطرے کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
دوسری جانب ایرانی نیشنل سکیورٹی کونسل کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے خبردار کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں کسی بھی امریکی مداخلت کو جنگ بندی کی خلاف ورزی تصور کیا جائے گا۔ماہرین کے مطابق ان حالیہ بیانات اور اقدامات سے خطے میں کشیدگی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، جبکہ عالمی سطح پر تیل کی ترسیل اور سمندری تجارت بھی متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔