دریائے اوٹاوا میں پانی کی سطح میں اضافہ، مختلف علاقوں میں سیلاب کا خدشہ، شہریوں کو احتیاطی تدابیر کی ہدایت

اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)کینیڈا کے دریائے اوٹاوا دریا کے کنارے آباد علاقوں میں ممکنہ سیلاب کے خطرے کے پیش نظر شہریوں کو پانی کی سطح پر مسلسل نظر رکھنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

رائیڈو ویلی کنزرویشن اتھارٹی نے بیس اپریل کو جاری کردہ تازہ انتباہ میں بتایا ہے کہ مسلسل بارشوں اور برف کے تیزی سے پگھلنے کے باعث پانی کی سطح اور بہاؤ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

اتھارٹی کے مطابق آرن پرائر سے برٹینیا کے درمیان ہفتہ وار تعطیلات کے دوران پانی خطرناک حد تک کناروں سے تجاوز کر گیا، جس کے نتیجے میں کچھ عمارتیں اور سڑکیں متاثر ہوئیں۔ آئندہ ایک دن کے دوران پانی کی سطح مزید بڑھنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، تاہم مجموعی طور پر دریائے اوٹاوا میں پانی کی سطح تاریخی بلند ترین سطح سے اب بھی کم رہنے کی توقع ہے۔

برٹینیا سے ہاکسبری تک کے علاقوں میں ابتدائی درجے کے سیلاب کی صورتحال دیکھنے میں آئی، جس سے گلیاں اور کھلے میدان متاثر ہوئے، لیکن عمارتوں کو زیادہ نقصان نہیں پہنچا۔ تاہم ماہرین کے مطابق آنے والے دنوں میں اسی حصے میں شدید درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔

دارالحکومت اوٹاوا کے مختلف علاقوں میں پیر کی رات یا منگل تک پانی کی سطح عروج پر پہنچنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ کنسٹنس بے میں پانی کی سطح میں تقریباً دس سینٹی میٹر اضافے کا امکان ہے، جہاں نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہو سکتا ہے، تاہم سڑکوں کے متاثر ہونے کا امکان کم بتایا گیا ہے۔

گرینڈ ویو سے برٹینیا تک پانی کی سطح پندرہ سینٹی میٹر تک بڑھ سکتی ہے، جس سے گھروں کے صحن اور پارک متاثر ہوں گے۔ پیٹری جزیرہ سے کمبرلینڈ تک کے علاقے سب سے زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں، جہاں پندرہ سے بیس سینٹی میٹر اضافے کے باعث سڑکوں اور عمارتوں میں پانی داخل ہونے کا خدشہ ہے۔

کلیرنس راک لینڈ سے ہاکسبری تک رہائشیوں کو ریت سے بھرے تھیلے استعمال کرنے اور نکاسی آب کے راستے صاف رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے، کیونکہ پانی کی سطح مزید دس سے پندرہ سینٹی میٹر تک بڑھ سکتی ہے۔

دوسری جانب شہر گٹینو میں پہلے ہی سیلابی صورتحال پیدا ہو چکی ہے۔ میئر مود مارکویس بیسونیت کے مطابق تقریباً ایک سو پینسٹھ گھروں کو خطرہ لاحق ہے جبکہ اکتالیس سڑکیں بند کر دی گئی ہیں۔ ہنگامی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں تعینات ہیں اور صورتحال کی نگرانی جاری ہے۔

ماہرین کے مطابق اگرچہ فوری طور پر کوئی بڑا موسمی نظام متوقع نہیں، تاہم موجودہ حالات کے پیش نظر شہریوں کو محتاط رہنے اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ممکنہ نقصانات سے بچا جا سکے۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔

    📰 اقوامِ متحدہ سے تازہ ترین اردو خبریں