اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)امریکی اخبار وال سٹریٹ جرنل نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات آئندہ ہفتے اسلام آباد میں دوبارہ شروع ہونے کا امکان ہے، جہاں دونوں ممالک جاری کشیدگی کم کرنے کیلئے نئی سفارتی کوششیں کر سکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق امریکہ اور ایران ثالثوں کے ذریعے ایک صفحے پر مشتمل چودہ نکاتی مفاہمتی یادداشت تیار کرنے پر کام کر رہے ہیں۔ اس مجوزہ دستاویز کے تحت ایک ماہ پر محیط مذاکراتی عمل شروع کیا جا سکتا ہے، جس کا بنیادی مقصد دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی اور جنگی صورتحال کا خاتمہ ہے۔
اخبار نے بتایا کہ مجوزہ مسودے میں ایران کے جوہری پروگرام، آبنائے ہرمز میں کشیدگی کم کرنے اور ایران کے اعلیٰ سطح پر افزودہ یورینیم کے ذخائر کو کسی دوسرے ملک منتقل کرنے جیسے اہم معاملات شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق کئی حساس نکات اب بھی حل طلب ہیں، جن میں ایران پر عائد پابندیوں میں ممکنہ نرمی کی حد سب سے بڑا اختلافی معاملہ تصور کیا جا رہا ہے۔ مبصرین کے مطابق یہی مسئلہ مذاکراتی عمل میں بڑی رکاوٹ بن سکتا ہے۔
وال سٹریٹ جرنل نے مزید دعویٰ کیا کہ اگر ابتدائی مذاکرات میں مثبت پیشرفت ہوئی تو ایک ماہ کی مقررہ مدت کو دونوں ممالک کی باہمی رضامندی سے مزید بڑھایا بھی جا سکتا ہے۔