ٹورنٹو کو اونٹاریو حکومت سے مزید اربوں ڈالر نہیں ملیں گے، ڈگ فورڈ نے اولیویا چاؤ کو دوٹوک جواب دے دیا

اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)کینیڈا کے شہر ٹورنٹو کے مالی مسائل مزید بڑھنے کا خدشہ پیدا ہوگیا، اونٹاریو کے Premier ڈگ فورڈ نے میئر اولیویا چاؤ کو واضح کردیا ہے کہ صوبائی حکومت شہر کے ساتھ نیا مالیاتی معاہدہ نہیں کرے گی اور اب ٹورنٹو کو اپنا بجٹ خود سنبھالنا ہوگا۔

اولیویا چاؤ نے دوبارہ میئر منتخب ہونے کے بعد اپنی اولین ترجیحات میں صوبائی حکومت کے ساتھ نئے مالیاتی معاہدے کو شامل کیا تھا، تاہم ڈگ فورڈ نے اس بار شہر کو پہلے کی طرح اربوں ڈالر فراہم کرنے سے انکار کردیا ہے۔

ڈگ فورڈ حکومت نے اولیویا چاؤ کے پہلے دور میں ٹورنٹو کو مجموعی طور پر تقریباً 9 ارب ڈالر فراہم کیے تھے۔ اس میں 7.6 ارب ڈالر ترقیاتی منصوبوں کے لیے جبکہ 1.2 ارب ڈالر ٹرانزٹ اور بے گھر افراد کے لیے شیلٹرز کے انتظامی اخراجات کی مد میں شامل تھے۔ یہ مالی معاونت کورونا وبا کے بعد شدید مالی مشکلات کا شکار ٹورنٹو کے لیے اہم سہارا ثابت ہوئی تھی، تاہم موجودہ معاہدہ مارچ میں ختم ہوجائے گا۔

ڈگ فورڈ نے کہا کہ صوبائی حکومت ٹورنٹو کو تقریباً 9 ارب ڈالر فراہم کرچکی ہے اور اب شہر کو اپنے بجٹ کی ذمہ داری خود اٹھانی چاہیے۔ صوبے نے گارڈینر ایکسپریس وے اور ڈی وی پی کی ذمہ داریاں بھی اپنے پاس لے کر شہر کی مدد کی ہے، لیکن ٹورنٹو ہر معاملے میں صوبائی حکومت پر انحصار نہیں کرسکتا۔

یہ بھی پڑھیں :ٹورنٹو پولیس نے 29 لاکھ ڈالر کا فراڈ ناکام بنا دیا، ویڈیو کال کے دوران گھر پہنچ کر شہری کو کروڑوں کے نقصان سے بچا لیا

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں صوبے کو بھی شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے اور ٹورنٹو کو اپنے مالی معاملات کے لیے خود بھی راستہ نکالنا ہوگا۔

دوسری جانب اولیویا چاؤ کا کہنا ہے کہ شہر کے مالی معاملات کو طویل مدت تک مستحکم رکھنے کے لیے مستقل مالیاتی حل تلاش کرنا ضروری ہے۔ ان کے مطابق اس مقصد کے لیے صوبائی اور وفاقی حکومتوں کے ساتھ بات چیت جاری رکھی جائے گی۔

اولیویا چاؤ نے کہا کہ اگر حکومتیں چاہتی ہیں کہ ٹورنٹو کامیاب شہر بنے، شہریوں کے لیے زندگی سستی رہے، شہر کی سرگرمیاں جاری رہیں اور عوام محفوظ رہیں تو انہیں ٹورنٹو میں سرمایہ کاری کرنا ہوگی۔

ٹورنٹو کی میئر نے یہ بھی عندیہ دیا کہ وہ جائیدادوں پر ٹیکس میں اضافے کے بغیر شہر کے اخراجات کو قابو میں رکھنے کی کوشش کریں گی۔ ڈگ فورڈ نے بھی ان سے توقع ظاہر کی ہے کہ وہ پراپرٹی ٹیکس میں اضافے سے متعلق اپنا انتخابی وعدہ پورا کریں گی۔

ادھر ٹورنٹو کو تقریباً ایک ارب ڈالر کے بجٹ خسارے کا سامنا ہے، جس سے نمٹنے کے لیے سٹی ہال میں ایک مرتبہ پھر بھرتیوں پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اولیویا چاؤ کے مطابق فرنٹ لائن ملازمین کی بھرتیاں جاری رہیں گی، تاہم دیگر شعبوں میں نئی بھرتیوں پر پابندی ہوگی اور گزشتہ سال کی طرح اخراجات کا تفصیلی جائزہ لے کر بچت کے مواقع تلاش کیے جائیں گے۔

اگرچہ ڈگ فورڈ نے ٹورنٹو کے ساتھ نیا جامع مالیاتی معاہدہ کرنے سے انکار کیا ہے، تاہم مخصوص ترقیاتی اور شہری ترجیحات کے لیے مالی معاونت کے امکانات مکمل طور پر ختم نہیں ہوئے۔ توقع ہے کہ اولیویا چاؤ کی دوسری مدت شروع ہونے کے بعد آنے والے ہفتوں میں ان معاملات پر صوبائی حکومت کے ساتھ بات چیت ہوگی۔

ہمیں فالو کریں

[uw_related_posts]