اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 29 لاکھ ڈالر کے ممکنہ فراڈ کو ناکام بنا دیا اور ایک شہری کو کروڑوں ڈالر کے مالی نقصان سے بچا لیا۔
پولیس اہلکار اس وقت متاثرہ شخص کے گھر پہنچے جب وہ ایک نامعلوم شخص کے ساتھ ویڈیو کال پر موجود تھا اور ملزم اس کے آن لائن بینک اکاؤنٹ تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔
ٹورنٹو پولیس کے مطابق جمعرات کو ایڈمنٹن پولیس سروس نے ٹورنٹو پولیس کے مالیاتی جرائم یونٹ کو ایک جاری فراڈ کے بارے میں اطلاع دی، جس میں 29 لاکھ ڈالر کی رقم خطرے میں تھی۔ اطلاع ملنے کے بعد ٹورنٹو پولیس کے 32 ڈویژن کے اہلکار فوری طور پر متاثرہ شہری کی رہائش گاہ پہنچ گئے۔
ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی کا نمائندہ بن کر شہری کو جال میں پھنسایا
پولیس کے مطابق ملزم نے متاثرہ شخص سے رابطہ کرکے خود کو ایک بڑی ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی کا نمائندہ ظاہر کیا۔ اس نے شہری کو بتایا کہ کمپنی علاقے میں انٹرنیٹ سروسز بہتر بنانے کے لیے کام کر رہی ہے اور انٹرنیٹ کی رفتار جانچنے کے لیے اس کے کمپیوٹر تک ریموٹ رسائی درکار ہے۔
ملزم نے شہری کو الٹرا ویوئر (UltraViewer) نامی ایپلی کیشن انسٹال کرنے کی ہدایت کی، جس کے ذریعے کسی دوسرے شخص کو کمپیوٹر تک دور سے رسائی اور اسے کنٹرول کرنے کی سہولت مل جاتی ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم نے کمپیوٹر تک رسائی حاصل کرنے کے بعد شہری کو بتایا کہ اس کے کمپیوٹر میں مختلف خرابیاں اور وائرس موجود ہیں جنہیں وہ دور کر سکتا ہے۔ اس کے بعد اس نے شہری کو آن لائن بینکنگ اکاؤنٹ کھولنے کی ہدایت کی اور کہا کہ اس طرح یہ جانچا جا سکے گا کہ کہیں اس کے اکاؤنٹ سے غیر مجاز طور پر رقم تو نہیں نکالی گئی۔
ویڈیو کال کے دوران پولیس گھر پہنچ گئی
پولیس اہلکار اس وقت شہری کے گھر پہنچے جب وہ ملزم کے ساتھ ویڈیو کال پر موجود تھا اور ملزم اس کے آن لائن بینکنگ اکاؤنٹ تک رسائی حاصل کرنے کے مرحلے میں تھا۔
اہلکاروں نے شہری کو بتایا کہ وہ فراڈ کا شکار ہونے جا رہا ہے اور اسے کسی بھی صورت رقم منتقل کرنے یا کسی مالیاتی لین دین کی منظوری دینے سے روک دیا۔
پولیس کے مطابق جب اہلکاروں نے ویڈیو کال پر موجود ملزم سے بات کرنے کی کوشش کی تو اس نے کال منقطع کر دی۔ اہلکاروں نے متاثرہ شخص کے کمپیوٹر پر ایسی سرگرمی بھی دیکھی جس سے ظاہر ہوتا تھا کہ کوئی شخص اب بھی دور سے اس کے کمپیوٹر تک رسائی حاصل کر رہا ہے۔
ٹورنٹو پولیس نے اپنے بیان میں کہا کہ اہلکاروں کی بروقت مداخلت کے باعث کوئی مالیاتی لین دین نہیں ہو سکا اور ممکنہ طور پر 29 لاکھ ڈالر کا نقصان ٹل گیا۔
پولیس کی شہریوں کو آن لائن فراڈ سے بچنے کی ہدایت
ٹورنٹو پولیس نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ جعل ساز اکثر ٹیلی کمیونیکیشن کمپنیوں، بینکوں اور ٹیکنالوجی اداروں کے ملازمین کا روپ دھار کر شہریوں کا اعتماد حاصل کرتے ہیں اور پھر ان کے کمپیوٹر یا موبائل فون تک رسائی حاصل کرکے مالیاتی فراڈ کرتے ہیں۔
پولیس نے ہدایت کی ہے کہ کسی نامعلوم یا غیر متوقع کال کرنے والے کی ہدایت پر ریموٹ ایکسیس سافٹ ویئر انسٹال نہ کریں، کیونکہ اس کے ذریعے اجنبی افراد نہ صرف آپ کی اسکرین دیکھ سکتے ہیں بلکہ آپ کے کمپیوٹر کو کنٹرول بھی کر سکتے ہیں۔
شہریوں کو یہ بھی کہا گیا ہے کہ کسی غیر متعلقہ شخص کو اپنے کمپیوٹر یا موبائل فون تک ریموٹ رسائی دینے کے دوران آن لائن بینکنگ استعمال نہ کریں۔ اگر کوئی شخص خود کو کسی مخصوص کمپنی کا نمائندہ ظاہر کرے تو کال منقطع کرکے کمپنی کی آفیشل ویب سائٹ یا بل پر درج نمبر کے ذریعے خود تصدیق کریں۔
پولیس کے مطابق کالر آئی ڈی، کسی معروف کمپنی کا نام یا ویڈیو کال بھی اس بات کا ثبوت نہیں کہ رابطہ کرنے والا شخص واقعی اسی ادارے سے تعلق رکھتا ہے۔
اگر کوئی شہری پہلے ہی کسی مشکوک شخص کو اپنے کمپیوٹر تک رسائی دے چکا ہو تو اسے فوری طور پر انٹرنیٹ کنکشن منقطع کرکے کسی دوسرے ڈیوائس کے ذریعے اپنے بینک سے رابطہ کرنا چاہیے۔ متاثرہ کمپیوٹر کو دوبارہ بینکنگ کے لیے استعمال کرنے سے پہلے کسی مستند ماہر سے اس کی جانچ بھی کروانی چاہیے۔
راجرز نے بھی صارفین کو فراڈ سے خبردار کردیا
کینیڈا کی ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی راجرز (Rogers) نے بھی اپنے صارفین کو محتاط رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کمپنی کبھی کسی صارف کو فون کرکے اس سے بھیجی گئی ڈیوائس واپس کرنے کا مطالبہ نہیں کرتی۔
کمپنی کے مطابق وہ کسی شخص کو صارف کے گھر بھیج کر ڈیوائس وصول نہیں کرتی اور نہ ہی صارفین کو موصول ہونے والا پیکج نہ کھولنے کی ہدایت دیتی ہے۔
ٹورنٹو پولیس کا کہنا ہے کہ کسی مشکوک کال کے فراڈ ہونے کا مکمل یقین ہونے کا انتظار کرنے کی ضرورت نہیں، شہری کال منقطع کرکے پہلے تصدیق کریں اور اس کے بعد ہی کسی کو اپنے کمپیوٹر یا رقم تک رسائی دیں۔
