اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے امریکا کی نئی سفارتی کوششیں تیز ہوگئی ہیں اور اسی سلسلے میں روس اور یوکرین کے درمیان 9 ماہ کے وقفے کے بعد ابوظہبی میں پہلے سہ فریقی مذاکرات شروع ہوگئے ہیں، جن میں امریکی نمائندوں نے بھی شرکت کی۔
مذاکرات میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور ان کے داماد جیرڈ کشنر سمیت روس اور یوکرین کے اعلیٰ سطحی وفود شریک ہیں۔ بات چیت کا بنیادی مقصد جنگ کے خاتمے کے لیے قابل قبول شرائط طے کرنا اور دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی کشیدگی کم کرنے کا راستہ تلاش کرنا ہے۔
یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے مذاکرات کو تعمیری قرار دیتے ہوئے کہا کہ بات چیت کے دوران جنگی قیدیوں کی رہائی، یوکرین کے لیے سکیورٹی ضمانتوں اور کشیدگی میں کمی جیسے اہم معاملات زیر بحث آئے ہیں۔ ان کے مطابق مذاکرات میں ایسے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جو جنگ کے خاتمے کے لیے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں :زیلنسکی نے کینیڈا اور امریکا کے تنازع کو ’خطرناک‘ قرار دے دیا، روس یوکرین جنگ سے موازنہ
دوسری جانب روس اور یوکرین کے درمیان امن معاہدے کی بنیادی شرائط پر اختلافات تاحال برقرار ہیں۔ روس کا مطالبہ ہے کہ یوکرین مشرقی علاقے ڈونباس سے دستبردار ہو اور نیٹو میں شمولیت کی کوشش ترک کرے، تاہم یوکرین اپنے زیر قبضہ علاقوں سے دستبردار ہونے پر آمادہ نہیں۔
روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ جنگ کے خاتمے کے لیے صرف روس اور یوکرین کے درمیان معاملات طے کرنا کافی نہیں بلکہ یورپ کے وسیع تر سکیورٹی نظام پر بھی اتفاق ضروری ہے۔
ابوظہبی میں جاری مذاکرات کو جنگ کے خاتمے کے لیے امریکی سفارتی کوششوں کا اہم مرحلہ قرار دیا جا رہا ہے۔ مذاکرات آج بھی جاری رہیں گے، تاہم دونوں ممالک کے درمیان علاقائی اور سکیورٹی معاملات پر اختلافات کے باعث کسی حتمی معاہدے تک پہنچنا ایک بڑا چیلنج ہے۔
