ٹرمپ کا ’لیک امریکا‘ کا اعلان، کینیڈا میں ’لیک اونٹاریو‘ والی ٹوپیاں ہاتھوں ہاتھ فروخت

اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے لیک اونٹاریو کا نام تبدیل کرکے ’لیک امریکا‘ رکھنے کے حکم نامے کے چند گھنٹوں بعد ہی ایک کینیڈین کمپنی نے اسی جھیل کے اصل نام ’لیک اونٹاریو‘ والی ٹوپیاں فروخت کے لیے پیش کردیں۔

اوٹاوا کی کمپنی جیک پائن نے ٹرمپ کے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کے فوراً بعد آن لائن بیس بال کیپس فروخت کرنا شروع کردیں۔ کمپنی کے بانی لیام مونی کے مطابق انہوں نے اس ٹوپی کا ڈیزائن ایک رات پہلے ہی تیار کیا تھا۔

لیام مونی نے کہا کہ انہیں اندازہ تھا کہ ٹرمپ جھیل کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ کرنے والے ہیں، اس لیے کمپنی نے فوری طور پر اس موقع پر ردعمل دینے کا فیصلہ کیا۔

’کینیڈا کے لیے اپنا کردار ادا کر رہا ہوں‘

لیام مونی نے کہا کہ انہیں ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے وہ کینیڈا کے لیے ایک طرح کے ’چیف پروپیگنڈسٹ‘ کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

ان کے مطابق وہ کینیڈا میں تیار ہونے والی مصنوعات اور ملکی سپلائی چین کو فروغ دینا چاہتے ہیں تاکہ موجودہ صورتحال کے باعث پیدا ہونے والی طلب سے کینیڈین صنعت اور کارکنوں کو فائدہ پہنچ سکے۔

جیک پائن اس سے قبل ’Canada Is Not For Sale‘ یعنی ’کینیڈا برائے فروخت نہیں‘ کے نعرے والی ٹوپیاں بھی تیار کرچکی ہے، جنہیں اونٹاریو کے پریمیئر ڈگ فورڈ نے عوامی تقریبات میں پہن کر خاصی توجہ حاصل کی تھی۔

ٹوپیوں کی فروخت میں ریکارڈ دلچسپی

مونی کے مطابق جیک پائن کی جانب سے نئی ٹوپی آن لائن پیش کیے جانے کے فوراً بعد آرڈرز کی بھرمار شروع ہوگئی۔انہوں نے کہا کہ کینیڈین شہری موجودہ حالات میں اپنے حب الوطنی کے جذبات کے اظہار کے لیے ایسے مواقع تلاش کر رہے ہیں۔

کمپنی کو صرف کینیڈا ہی سے نہیں بلکہ پیرس، ٹوکیو، لندن اور برلن سمیت دنیا کے مختلف شہروں سے بھی آرڈرز موصول ہوئے۔

مونی کے مطابق دنیا کے مختلف حصوں سے لوگ کینیڈا کے ساتھ اظہار یکجہتی کر رہے ہیں۔

ٹرمپ کے فیصلے پر کینیڈا میں شدید ردعمل

لیک اونٹاریو کا نام تبدیل کرنے کے ٹرمپ کے فیصلے کو کینیڈا میں بڑے پیمانے پر مسترد کیا گیا ہے۔وزیراعظم مارک کارنی نے کہا ہے کہ ’اونٹاریو‘ نام وینڈٹ قوم کے لفظ Ontari’io سے نکلا ہے، جس کا مفہوم جھیل کے خوبصورت اور وسیع ہونے سے متعلق ہے۔ کارنی نے یہ بھی نشاندہی کی کہ یہ نام کینیڈین کنفیڈریشن اور امریکا کے اعلانِ آزادی دونوں سے پہلے سے موجود ہے۔

وینڈٹ نیشن کے گرینڈ چیف پیئر پیکارڈ نے بھی ٹرمپ کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ اس اقدام کے ذریعے وینڈٹ قوم کی تاریخ کو مٹانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

ٹریڈ وار سے ’محب وطن مارکیٹ‘ بھی پیدا ہوگئی

کینیڈا اور امریکا کے درمیان جاری تجارتی جنگ نے جہاں کئی کاروباری شعبوں کے لیے مشکلات پیدا کی ہیں، وہیں بعض کینیڈین کمپنیوں کے لیے حب الوطنی پر مبنی مصنوعات کی نئی مارکیٹ بھی پیدا کردی ہے۔

گزشتہ برس ’Elbows Up‘ کے نام سے تیار ہونے والے ملبوسات اور دیگر مصنوعات بھی کینیڈا میں تیزی سے مقبول ہوئی تھیں۔ یہ جملہ اس وقت کینیڈین مزاحمت اور قومی یکجہتی کی علامت بن گیا تھا جب ٹرمپ نے کینیڈا کو امریکا کی 51ویں ریاست بنانے کی دھمکیاں اور بیانات دینا شروع کیے تھے۔

یہ بھی پڑھیں :ٹیرف معاملے پر کشیدگی ،ٹرمپ کا جھیل اونٹاریو کا نام تبدیل کرکے ’’لیک امریکا‘‘ رکھنے کا حکم

لیام مونی کا کہنا ہے کہ لیک اونٹاریو والی ٹوپیوں کی فروخت کا مقصد صرف منافع کمانا نہیں بلکہ کینیڈین جذبات کو ایک سادہ علامت کے ذریعے ظاہر کرنا ہے۔

ان کے مطابق کمپنی نے کینیڈا کی ٹیکسٹائل صنعت اور ملکی کارکنوں میں لاکھوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے اور موجودہ صورتحال میں بھی وہ ملکی صنعت کو مضبوط بنانے کے لیے اپنا کردار جاری رکھنا چاہتے ہیں۔

ہمیں فالو کریں

[uw_related_posts]