کینیڈا،یومِ سچائی و مفاہمت،رہائشی اسکولوں کے متاثرین کو خراجِ عقیدت

اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)کینیڈا بھر میں بدھ کو مسلسل پانچویں سال قومی یومِ سچائی و مفاہمت منایا جا رہا ہے، جس کا مقصد رہائشی اسکولوں سے متاثر ہونے والے افراد، ان کے خاندانوں اور ان بچوں کو یاد کرنا ہے جو اپنے گھروں کو واپس نہ آسکے۔یہ دن ہر سال 30 ستمبر کو منایا جاتا ہے اور اس موقع پر ملک بھر میں تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے۔

رہائشی اسکول

انیسویں صدی سے شروع ہونے والے رہائشی اسکولوں کے نظام کے دوران کینیڈا کے مقامی باشندوں کے ایک لاکھ 50 ہزار سے زائد بچوں کو ان کے خاندانوں اور برادریوں سے الگ کرکے چرچ کے زیرانتظام رہائشی اسکولوں میں بھیجا گیا۔

یہ اسکول حکومت کی مالی معاونت سے چلتے تھے، جبکہ بچوں کو اپنی برادریوں اور خاندانوں سے دور رکھا جاتا تھا۔ تاریخی ریکارڈ کے مطابق ان اداروں میں بدسلوکی، غذائی قلت اور صحت کی ناکافی سہولیات سمیت مختلف مسائل موجود تھے۔

1996 تک نظام

1857 سے 1996 کے درمیان ایک لاکھ 50 ہزار سے زائد مقامی بچوں کو ان اسکولوں میں جانے پر مجبور کیا گیا۔ رہائشی اسکولوں کا یہ نظام کئی دہائیوں تک جاری رہا اور اس کے اثرات آج بھی مقامی برادریوں میں محسوس کیے جاتے ہیں۔

ثقافتی نسل کشی

کینیڈا کے سچائی و مفاہمت کمیشن نے 2015 میں اپنی تاریخی حتمی رپورٹ میں رہائشی اسکولوں کے نظام کو ریاستی سرپرستی میں چلنے والی ثقافتی نسل کشی کی پالیسی کا مرکزی حصہ قرار دیا تھا۔

کمیشن نے اپنی تحقیقات کے دوران رہائشی اسکولوں میں کم از کم 3,200 بچوں کی اموات کا ریکارڈ مرتب کیا تھا۔ تاہم نیشنل سینٹر فار ٹروتھ اینڈ ری کنسیلی ایشن کے ماہرین اب بھی لاکھوں دستاویزات کا جائزہ لے رہے ہیں اور ان کے مطابق اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہوسکتی ہے۔

قومی دن کا قیام

30 ستمبر کو قومی یومِ سچائی و مفاہمت کے طور پر منانے کی سفارش بھی سچائی و مفاہمت کمیشن کی رپورٹ میں کی گئی تھی۔ اس دن کا مقصد رہائشی اسکولوں کی تاریخ کو یاد رکھنا، متاثرین کو خراجِ عقیدت پیش کرنا اور ماضی کے واقعات سے سبق حاصل کرنا ہے۔

پارلیمنٹ ہل پر تقریب

سی بی سی، ریڈیو کینیڈا، اے پی ٹی این اور نیشنل سینٹر فار ٹروتھ اینڈ ری کنسیلی ایشن کی جانب سے پارلیمنٹ ہل پر سالانہ یادِ اطفال تقریب منعقد کی جا رہی ہے۔

90 منٹ پر مشتمل تقریب میں رہائشی اسکولوں کے سابق طلبہ، بزرگ اور مقامی رہنما خطاب کریں گے۔ اس موقع پر مختلف فنکار بھی پرفارم کریں گے، جن میں ٹیا ووڈ، سولیل لونیئر، سِلا اور ایڈرین سدرلینڈ شامل ہیں۔

بچوں کے جوتے

تقریب میں شریک مہمانوں اور دیگر افراد سے کہا گیا ہے کہ وہ بچوں کے جوتوں کا ایک جوڑا ساتھ لائیں۔ یہ جوتے اسٹیج کے سامنے رکھے جائیں گے تاکہ رہائشی اسکولوں میں جانے والے بچوں کی یاد کو اجاگر کیا جاسکے اور ان بچوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جاسکے جو اپنے گھروں کو واپس نہیں پہنچ سکے۔

یہ بھی پڑھیں :ٹرمپ کی کینیڈا پر لفظی یلغار تیز، تجارتی جنگ میں نئی پابندیاں نافذ

ملک بھر میں تقریبات

یومِ سچائی و مفاہمت کے موقع پر کینیڈا کے مختلف شہروں میں الگ الگ تقریبات بھی منعقد کی جا رہی ہیں۔ ٹورنٹو، وینکوور، کیلگری اور اقالوئٹ سمیت کئی علاقوں میں مقامی سطح پر پروگرام ترتیب دیے گئے ہیں۔

کارنی کی شرکت

وزیراعظم مارک کارنی بھی ایڈمنٹن میں منعقد ہونے والی ایک تقریب سے خطاب کریں گے۔ قومی سطح پر ہونے والی تقریبات میں مقامی رہائشی اسکولوں کے متاثرین اور مقامی رہنماؤں کی آواز کو نمایاں جگہ دی جا رہی ہے۔

سچ کا سامنا

نیشنل سینٹر فار ٹروتھ اینڈ ری کنسیلی ایشن کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر اسٹیفنی اسکاٹ نے کہا کہ اس دن کا مقصد رہائشی اسکولوں کے نظام سے متاثر ہونے والے ہر بچے کو خراجِ عقیدت پیش کرنا اور زندہ بچ جانے والے افراد کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی کے بارے میں انکار یا حقائق کو مسخ کرنے کی کوششوں کے دوران سچ کو برقرار رکھنا اجتماعی ذمہ داری ہے۔ ان کے مطابق متاثرہ بچوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا مطلب تاریخ کا دیانت داری سے سامنا کرنا اور یہ یقینی بنانا ہے کہ ’’دوبارہ کبھی نہیں‘‘ صرف ایک نعرہ نہ رہے بلکہ عملی عزم بنے۔

مشترکہ ذمہ داری

کینیڈین ورثہ کے وزیر مارک ملر نے کہا کہ یہ دن مقامی اور غیر مقامی افراد کو ایک ساتھ بیٹھ کر رہائشی اسکولوں کے ورثے پر غور کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مفاہمت ایک ایسی ذمہ داری ہے جس میں معاشرے کے تمام افراد شریک ہیں اور ایک دوسرے اور اپنی تاریخ سے جڑ کر ایسا مستقبل تشکیل دیا جاسکتا ہے جو سمجھ بوجھ، احترام اور امید پر قائم ہو۔

ہمیں فالو کریں

[uw_related_posts]