امریکا کا ایران پر نیا حملہ، مختلف شہروں میں دھماکے، درجنوں افراد جاں بحق و زخمی

اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی ایک بار پھر شدت اختیار کرگئی، امریکی فورسز نے ایران کے مختلف شہروں اور علاقوں میں تازہ حملے کیے، جن کے نتیجے میں 12 افراد شہید جبکہ 70 سے زائد زخمی ہوگئے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق امریکی حملوں میں ایران کے جنوبی اور جنوب مشرقی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا، جہاں اہواز، چابہار، قشم، بندر عباس اور دیگر علاقوں میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔

خوزستان میں 7 افراد شہید

ایرانی میڈیا کے مطابق صوبہ خوزستان میں امریکی حملوں کے نتیجے میں 7 افراد شہید ہوئے جبکہ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔ حملوں کے بعد متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں۔مقامی حکام کے مطابق حملوں کے نتیجے میں متعدد عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا، جبکہ متاثرہ علاقوں میں سکیورٹی بڑھا دی گئی۔

شادی کی تقریب بھی نشانہ

ایرانی حکام کے مطابق امریکی حملے میں ایرانی جزیرے سیرک کے قریب ایک شادی کی تقریب بھی متاثر ہوئی، جہاں حملے کے نتیجے میں 5 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔

حکام کے مطابق حملے کے وقت علاقے میں شادی کی تقریب جاری تھی، جس کے باعث بڑی تعداد میں لوگ متاثر ہوئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔

قشم میں متعدد دھماکے

ایرانی میڈیا کے مطابق قشم جزیرے کے ماسان گاؤں کے قریب 5 سے زائد دھماکے ہوئے۔ دھماکوں کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی۔ایرانی ذرائع کے مطابق آبنائے ہرمز کے قریب بھی مزید 4 دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔

یہ بھی پڑھیں :ایران امریکہ کشیدگی میں اضافہ ، خام تیل کی قیمتیں پھر بڑھنے لگیں

بندر عباس میں بھی دھماکے

ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ جنوبی بندرگاہی شہر بندر عباس کے مشرقی علاقوں میں بھی دھماکے ہوئے۔ حملوں کے بعد مختلف علاقوں میں سکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کردیا گیا۔

چابہار اور اس کے اطراف میں بھی امریکی کارروائیوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، تاہم ان حملوں سے ہونے والے نقصان کی مزید تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔

جیرفت ایئرپورٹ پر حملہ

ایرانی میڈیا کے مطابق امریکی فورسز نے جنوب مشرقی ایران میں جیرفت ایئرپورٹ کو بھی نشانہ بنایا۔ حملے کے بعد ایئرپورٹ اور اس کے اطراف میں سکیورٹی اقدامات سخت کردیے گئے۔ایرانی حکام نے حملوں کے بعد صورتحال کا جائزہ لینا شروع کردیا ہے جبکہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

پاسداران انقلاب کے ٹھکانے نشانہ

امریکی فوج کے مطابق ایران میں کارروائیوں کے دوران پاسدارانِ انقلاب کے مختلف ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔امریکی فوج کا کہنا ہے کہ حملوں کا مقصد ایران کی فوجی صلاحیتوں کو نقصان پہنچانا اور پاسدارانِ انقلاب سے منسلک تنصیبات کو نشانہ بنانا تھا۔

کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ

تازہ امریکی حملوں کے بعد امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔ ایران کی جانب سے امریکی حملوں کی شدید مذمت کی گئی ہے جبکہ خطے میں مزید جوابی کارروائیوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔

ایران کے مختلف علاقوں میں حملوں کے بعد سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے، جبکہ شہریوں میں خوف و تشویش پائی جاتی ہے۔ تازہ صورتحال کے باعث خطے میں کشیدگی کے مزید پھیلنے کے امکانات بھی بڑھ گئے ہیں۔

ہمیں فالو کریں