برائن ایڈمز کا ٹرمپ مخالف گانا امریکی ریپبلکن ریاستوں میں بھی مقبول

ازذوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)کینیڈا کے عالمی شہرت یافتہ راک گلوکار برائن ایڈمز نے انکشاف کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں اور کینیڈا کو امریکا کی 51ویں ریاست بنانے کی دھمکیوں کے خلاف تیار کیا گیا ان کا گانا امریکی ریپبلکن ریاستوں میں بھی غیر معمولی پذیرائی حاصل کررہا ہے، جس نے انہیں امریکی عوام کے سیاسی رجحانات کے حوالے سے نئی سوچ پر مجبور کردیا ہے۔

کینیڈین پریس کو 11 نومبر کو دیے گئے انٹرویو میں برائن ایڈمز نے بتایا کہ جب انہوں نے رواں سال اپنے امریکی دورے کے دوران ’’51st State‘‘ گانا پیش کرنا شروع کیا تو انہیں اندازہ نہیں تھا کہ امریکی شائقین اس پر کیا ردعمل دیں گے۔ تاہم سینٹ لوئس سے ٹیکساس اور دیگر ریپبلکن اکثریتی ریاستوں میں ہونے والے کنسرٹس کے دوران لوگوں نے اس گانے کو بھرپور پذیرائی دی اور متعدد مواقع پر کھڑے ہوکر داد دی۔

برائن ایڈمز کے مطابق ابتدا میں انہیں خدشہ تھا کہ امریکا میں اس نوعیت کے سیاسی پیغام پر مشتمل گانے کو پسند نہیں کیا جائے گا، لیکن ہر کنسرٹ میں شائقین کا ردعمل ان کی توقعات سے مختلف رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کی اس پذیرائی سے انہیں محسوس ہوا کہ امریکی معاشرے میں سیاسی صورتحال کے حوالے سے سوچ پہلے سے مختلف ہوچکی ہے۔

نئے البم میں کینیڈا کی تاریخ اور خودمختاری کا تذکرہ

برائن ایڈمز کا نیا البم ’’How’s It Goin?‘‘ بھی ان دنوں موسیقی کی دنیا میں زیر بحث ہے۔ 6 نومبر کو ریلیز ہونے والے اس البم میں انہوں نے کینیڈا کی تاریخ، قومی شناخت اور امریکا کے ساتھ موجودہ تعلقات کو موضوع بنایا ہے۔

البم میں ’’Lake Ontario‘‘ کے نام سے ایک گانا بھی شامل ہے، جس میں امریکی صدر کی جانب سے اس جھیل کو ’’Lake America‘‘ کہنے کی کوشش پر تنقید کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ’’A Handful of Gold‘‘ میں کلونڈائیک گولڈ رش اور ’’Iron Ribbon‘‘ میں کینیڈین پیسیفک ریلوے کی تعمیر کی تاریخ کو موسیقی کے ذریعے پیش کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:کینیڈا کے معروف اداکار گلڈور روئے کو آج موسیقی کے ذریعے خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا

ان کے البم میں کینیڈا کے معروف سماجی کارکن ٹیری فاکس کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ’’The Ballad of Terry Fox‘‘ بھی شامل ہے۔ ایڈمز کے مطابق یورپ میں ہونے والے کنسرٹس کے دوران بھی اس گانے کو پسند کیا جارہا ہے۔

موسیقی میں آزادی کو تجارتی کامیابی پر ترجیح

67 سالہ گلوکار نے انٹرویو میں اپنے کیریئر کے نئے مرحلے پر بھی بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اب اپنی موسیقی کے معاملات آزادانہ طور پر چلا رہے ہیں اور کسی ریکارڈ کمپنی یا مینیجر کے دباؤ کے بغیر اپنی مرضی کے موضوعات پر کام کررہے ہیں۔

برائن ایڈمز اس وقت یورپ کے دورے پر ہیں اور میڈرڈ سے انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی توجہ ماضی کی تجارتی کامیابیوں کو دہرانے کے بجائے موسیقی سے لطف اندوز ہونے اور اپنے خیالات کا اظہار کرنے پر ہے۔

انہوں نے مستقبل میں کینیڈا کی تاریخ اور قومی شناخت سے متعلق مزید گانے ریلیز کرنے کا امکان بھی ظاہر کیا۔ ان کے مطابق دوسرے البم کے لیے بھی کئی خیالات موجود ہیں اور ایک گانا تقریباً مکمل ہوچکا ہے۔

برائن ایڈمز کے حالیہ انٹرویو نے انہیں ایک بار پھر کینیڈا کی شوبز اور موسیقی کی خبروں کا مرکز بنا دیا ہے، تاہم ان کی نئی موسیقی کا اصل موضوع کینیڈا کی خودمختاری اور قومی تشخص ہے۔

ہمیں فالو کریں

[uw_related_posts]