اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)کوئی فرد واحد یا سیاسی جماعت نئے انتظامی یونٹس کے قیام کو نہیں روک سکتی، نظام کو 79 سال بعد ری سیٹ اور ری اسٹرکچر کرنے کی ضرورت ہے، بنیادی سہولیات ہر شہری تک پہنچانا ہوں گی
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ نئے انتظامی یونٹس کے قیام کا فیصلہ عوام کی رائے سے ہونا چاہیے، عوام کی رائے کا احترام ضروری ہے، کوئی فرد واحد یا سیاسی جماعت نئے ایڈمنسٹریٹو یونٹس کے قیام کو نہیں روک سکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے معاملے پر سب سے بڑے اسٹیک ہولڈرز عوام ہیں اور بہتر حکمرانی کو عوام کے قریب لانے کے لیے انتظامی ڈھانچے میں بہتری ضروری ہے۔
نظام کو ری سیٹ کرنا ہوگا
لاہور میں قومی پالیسی ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ وہ نوکری پر رہیں یا نہ رہیں، اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج سے ایک ماہ اور پانچ دن قبل انہوں نے نظام کو ری سیٹ کرنے کی بات کی تھی، تاہم بعض لوگوں نے ان کی گفتگو کو موجودہ حکومت اور بعض نے سیاسی نظام سے جوڑ دیا، حالانکہ ان کا اشارہ کسی مخصوص سیاسی جماعت کی طرف نہیں تھا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اگر کوئی کمپنی ٹھیک طریقے سے نہیں چل رہی ہو تو بہتری کے لیے سب لوگ مل کر بیٹھتے ہیں، اسی طرح اگر 79 سال گزرنے کے باوجود مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہو رہے تو نظام کو ری سیٹ کرنا ضروری ہے۔ ان کے مطابق ری سیٹ کا مطلب نظام کو توڑنا نہیں بلکہ غلط چیز کو درست کرنا ہے۔
بنیادی سہولیات کی فراہمی ضروری
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کو اپنے انتظامی ڈھانچے پر سنجیدگی سے غور کرنا ہوگا کیونکہ بنیادی ضروریات ہر شہری تک پہنچانا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پانچویں جماعت کا بچہ عام جملے بھی نہیں پڑھ پاتا، لاکھوں بچے اب بھی اسکولوں سے باہر ہیں جبکہ بڑی تعداد میں شہری صاف پانی جیسی بنیادی سہولت سے محروم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 79 سال بعد نظام کو ری اسٹرکچر کرنے کی ضرورت ہے اور انتظامی ڈھانچے میں بہتری کا کام آئین کے دائرے میں رہ کر کیا جانا چاہیے۔ ان کے بقول تحصیلیں اور ڈویژنز بنانے کے لیے تو سب تیار ہیں، لیکن جب انتظامی یونٹس کی بات آتی ہے تو مختلف اعتراضات سامنے آتے ہیں۔
فیصلے کا اختیار عوام کو دیا جائے
وزیر داخلہ نے کہا کہ اگر عوام انتظامی یونٹس کے قیام کے حق میں ہیں تو انہیں ہر صورت بننا چاہیے۔ ان کی درخواست ہے کہ انتظامی یونٹس کے قیام کا فیصلہ عوام پر چھوڑ دیا جائے اور اس معاملے پر جذباتی ہونے کے بجائے عوام کی رائے کو اہمیت دی جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ نئے صوبوں کا فیصلہ قومی اتفاق رائے سے ہونا چاہیے اور اس سلسلے میں تمام سیاسی جماعتوں کو مل بیٹھنا ہوگا۔ حکومت اور پارلیمان کو بھی متعلقہ فریقین کو سن کر آگے بڑھنا چاہیے۔
اسلام آباد کو صوبہ بنانے کی حمایت
محسن نقوی نے کہا کہ وہ صوبہ اسلام آباد کے سب سے بڑے حامی ہیں کیونکہ اسلام آباد کے شہریوں کو قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) سے ایک روپیہ بھی نہیں مل رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ سی ڈی اے اپنی زمینیں بیچ کر شہر کا نظام چلا رہا ہے، سوال یہ ہے کہ کیا اسلام آباد کے شہری پاکستان کے عوام نہیں ہیں؟
انہوں نے کہا کہ اگر اسلام آباد صوبہ بن رہا ہے تو سب کو مل کر اس کا خیرمقدم کرنا چاہیے۔ ان کے مطابق جو شخص میئر بن کر آگے آتا ہے وہ بہتر انداز میں حکومت چلا سکتا ہے اور مستقبل میں ممدانی اور صادق خان جیسے لوگ بھی سامنے آئیں گے۔
20 لاکھ مقدمات زیرالتوا
وفاقی وزیر داخلہ نے ملک میں انتظامی اور عدالتی مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ جب اختیارات نچلی سطح پر منتقل کرنے کی بات ہوتی ہے تو سب اعتراض کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آج بھی لاکھوں بچے اسکول نہیں جا رہے، 55 فیصد پاکستانیوں کو صاف پانی دستیاب نہیں جبکہ عدالتوں میں تقریباً 20 لاکھ مقدمات زیرالتوا ہیں اور لوگ انصاف کے حصول کے لیے عدالتوں کے چکر لگا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ والدین بچوں کی صحت اور علاج معالجے کے لیے پریشان ہیں جبکہ نوجوان روزگار اور مواقع مانگ رہے ہیں۔ ایسے حالات میں بہتر حکمرانی کے لیے نظام میں بنیادی اصلاحات ناگزیر ہیں۔
زبان اور نسل کی بنیاد پر تقسیم نہیں
محسن نقوی نے کہا کہ صوبوں کی بحث زبان، نسل یا برادری کی بنیاد پر نہیں ہونی چاہیے بلکہ مقصد بہتر حکمرانی اور عوام کو سہولیات کی فراہمی ہونا چاہیے۔ جنوبی یا شمالی پنجاب بننے کے بعد بھی وہ پنجابی ہی رہیں گے اور سندھی بھی سندھی ہی رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ نئے انتظامی یونٹس کا معاملہ ایسا نہیں کہ کل یا پرسوں ہی کوئی فیصلہ ہونے جا رہا ہے، اس لیے اس معاملے پر جذباتی تقاریر کے بجائے سنجیدہ بحث کی ضرورت ہے۔ حکومت، پارلیمان، سیاسی جماعتوں اور دیگر متعلقہ فریقین کو مل کر عوام کی رائے کو سامنے رکھتے ہوئے ایسا انتظامی ڈھانچہ تشکیل دینا ہوگا جو عوام کو بہتر سہولیات اور مؤثر حکمرانی فراہم کر سکے۔
