اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)کینیڈا کی زرعی صنعت جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے باوجود ایسے کئی مسائل سے دوچار ہے جو ملک کی عالمی غذائی تجارت میں مسابقتی حیثیت کو متاثر کررہے ہیں۔ ماہرین کے مطابق سست حکومتی ضوابط، بنیادی ڈھانچے کی کمزوریاں اور افرادی قوت کی کمی وہ بڑے عوامل ہیں جو کینیڈا کو اپنی زرعی پیداوار اور برآمدات بڑھانے سے روک رہے ہیں۔
کھیتوں میں ڈرون ٹیکنالوجی
صوبہ سسکیچیوان کے علاقے کولی وِل میں کسان ڈین رابرٹس کو ایک بڑے زرعی ڈرون کا عملی مظاہرہ دکھایا گیا۔ تقریباً 4 ہزار ہیکٹر رقبے پر کینولا، گندم، جو اور دالیں کاشت کرنے والے رابرٹس نے دیکھا کہ جدید ڈرون کس طرح بڑے زرعی رقبے پر اسپرے کرسکتا ہے۔
مظاہرے میں DJI T100 ڈرون استعمال کیا گیا، جسے اس وقت کینیڈا میں دستیاب سب سے بڑا اسپرے ڈرون قرار دیا جارہا ہے۔ اس میں 100 لیٹر کی گنجائش رکھنے والا ٹینک موجود ہے، جس میں فصلوں پر اسپرے کے لیے مخصوص زرعی ادویات بھری جاسکتی ہیں۔
بارش میں بڑا فائدہ
رابرٹس کے مطابق ڈرون ٹیکنالوجی خاص طور پر ان حالات میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے جب مسلسل بارش کے باعث کھیت میں روایتی زرعی مشینری لے جانا مشکل ہوجائے۔
انہوں نے بتایا کہ دالوں کی فصل کو زیادہ نمی والے موسم میں بیماریوں سے بچانے کے لیے فنگس کش ادویات کا اسپرے ضروری ہوجاتا ہے، لیکن گیلی زمین پر بھاری مشینری چلانے سے فصل اور زمین دونوں کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہوتا ہے۔
ایسے حالات میں ڈرون بغیر زمین پر اترے فصلوں پر اسپرے کرسکتا ہے، جس سے کسانوں کو بروقت فصلوں کے تحفظ میں مدد مل سکتی ہے۔
ضابطوں کی تاخیر
رابرٹس کے مطابق کینیڈا میں زرعی ڈرون پہلے سے دستیاب تھے، لیکن کسانوں کو انہیں فصلوں پر کیڑے مار ادویات کے اسپرے کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں تھی۔
ہیلتھ کینیڈا کی جانب سے جون کے آخر میں مخصوص کیڑے مار ادویات کے لیے ڈرون اسپرے کی پابندیاں نرم کیے جانے کے بعد کسانوں اور ڈیلرز کی دلچسپی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں ؍امریکا اور کینیڈا کے درمیان تجارتی جنگ شدت اختیار کرگئی، نئے امریکی ٹیرف نافذ
رابرٹس کا کہنا ہے کہ امریکا، چین، برازیل، جاپان اور آسٹریلیا جیسے ممالک زرعی ڈرون کے استعمال میں کینیڈا سے آگے نکل چکے ہیں۔
عالمی مارکیٹ میں حصہ کم
کینیڈا سالانہ تقریباً 100 ارب ڈالر مالیت کی زرعی اور غذائی مصنوعات برآمد کرتا ہے، لیکن مسئلہ یہ ہے کہ عالمی غذائی تجارت جس رفتار سے بڑھ رہی ہے، کینیڈا کی برآمدات اس رفتار سے آگے نہیں بڑھ رہیں۔
گالف یونیورسٹی کے ایریل فوڈ انسٹی ٹیوٹ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایون فریزر کے مطابق عالمی غذائی تجارت کا مجموعی حجم کینیڈا کی برآمدات کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے بڑھا ہے، جس کے باعث عالمی مارکیٹ میں کینیڈا کا حصہ کم ہوا ہے۔
عالمی درجہ بندی میں تنزلی
رائل بینک آف کینیڈا کی 2025 کی ایک تجزیاتی رپورٹ کے مطابق کینیڈا عالمی غذائی برآمدات میں پانچویں سے ساتویں نمبر پر آچکا ہے۔ چین اور برازیل نے اسے پیچھے چھوڑ دیا ہے جبکہ آنے والے برسوں میں کینیڈا کے نویں نمبر تک گرنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سال 2000 کے بعد سے عالمی غذائی برآمدات میں کینیڈا کا حصہ تقریباً 12 فیصد کم ہوا ہے۔ اگرچہ اس عرصے میں کینیڈا کی غذائی برآمدات تقریباً چار گنا بڑھی ہیں، لیکن دنیا کی مجموعی غذائی برآمدات پانچ گنا رفتار سے بڑھی ہیں۔
ریلوے بھی بڑا مسئلہ
زرعی شعبے کو صرف جدید ٹیکنالوجی کی کمی کا سامنا نہیں بلکہ پیداوار کو عالمی منڈیوں تک پہنچانا بھی ایک بڑا چیلنج ہے۔سسکیچیوان کے کسان رابرٹس کے مطابق مغربی کینیڈا کی زیادہ تر زرعی پیداوار برآمد کی جاتی ہے اور ان کے علاقے سے سمندری بندرگاہ تک فصل پہنچانے کے لیے ریلوے ہی سب سے قابل عمل ذریعہ ہے۔
مغربی کینیڈا کی اوسط فصل کو بندرگاہ تک پہنچنے کے لیے تقریباً 1,500 کلومیٹر ریلوے سفر کرنا پڑتا ہے۔ پہاڑی علاقوں میں خراب موسم یا مغربی ساحل پر رکاوٹوں کے باعث ریل سروس متاثر ہو تو اناج کی ترسیل کا پورا نظام دباؤ میں آجاتا ہے۔
تاخیر کا اثر کئی ہفتوں تک
ریلوے میں صرف ایک ہفتے کی تاخیر بھی کسانوں کے لیے بڑا مسئلہ بن سکتی ہے۔ رابرٹس کے مطابق سروس بحال ہونے کے بعد بھی نظام کو معمول پر آنے میں کئی ہفتے لگ سکتے ہیں کیونکہ ریل نیٹ ورک پہلے ہی تقریباً مکمل گنجائش پر چل رہا ہوتا ہے۔
اس دوران اناج ذخیرہ کرنے والے مراکز میں فصل جمع ہوتی رہتی ہے، جبکہ کسان اپنی پیداوار کو ہزاروں کلومیٹر دور بندرگاہ تک ٹرکوں کے ذریعے منتقل نہیں کرسکتے۔
افرادی قوت کی کمی
ماہرین نے زرعی شعبے کے لیے ہنرمند افرادی قوت کی کمی کو بھی ایک اہم رکاوٹ قرار دیا ہے۔ جدید مشینری اور ٹیکنالوجی کی دستیابی کے باوجود انہیں مؤثر انداز میں استعمال کرنے کے لیے تربیت یافتہ افراد اور مناسب کاروباری نظام ضروری ہے۔
زرعی کاروباری مشیر ایون شاؤٹ کے مطابق کسانوں کے ساتھ کام کرتے ہوئے بنیادی ڈھانچے کے مسائل بار بار سامنے آتے ہیں، خصوصاً اس وقت جب پیداوار تیار ہوچکی ہو مگر اسے مارکیٹ تک پہنچانے میں رکاوٹ پیدا ہوجائے۔
کئی شعبوں میں اصلاحات ضروری
ماہرین کے مطابق کینیڈا کی زرعی مسابقت بہتر بنانے کے لیے کسی ایک اقدام پر انحصار کافی نہیں ہوگا۔ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال میں آسانی، حکومتی منظوری کے عمل کو تیز کرنا، ریلوے اور دیگر بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانا اور افرادی قوت کے مسائل حل کرنا ضروری ہوگا۔
کسانوں کا کہنا ہے کہ اگر ان رکاوٹوں کو دور کیا جائے تو کینیڈا نہ صرف اپنی زرعی پیداوار بڑھا سکتا ہے بلکہ عالمی غذائی منڈی میں کم ہوتے حصے کو دوبارہ حاصل کرنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔
