آزاد کشمیر الیکشن ،راولپنڈی اور اسلام آباد میں مہاجرین کی تین نشستوں پر پولنگ کل ہوگی

اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں راولپنڈی اور اسلام آباد میں مہاجرین کی تین نشستوں پر پولنگ 2 اگست کو ہوگی، جس کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

انتخابی حلقوں ایل اے 39 جموں 6، ایل اے 43 ویلی 4 اور ایل اے 44 ویلی 5 میں ووٹرز اپنے نمائندوں کے انتخاب کے لیے حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ ضلعی انتظامیہ، الیکشن کمیشن اور پولیس نے سکیورٹی سمیت تمام انتظامی معاملات کو حتمی شکل دے دی ہے۔

27 ہزار سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے

الیکشن کمیشن کے مطابق تینوں حلقوں میں مجموعی طور پر 27 ہزار 907 رجسٹرڈ ووٹرز اپنا ووٹ کاسٹ کریں گے، جن میں 14 ہزار 917 مرد اور 12 ہزار 990 خواتین شامل ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق ایل اے 39 جموں 6 میں 20 ہزار 807 ووٹرز، ایل اے 43 ویلی 4 میں 3 ہزار 346 جبکہ ایل اے 44 ویلی 5 میں 3 ہزار 754 رجسٹرڈ ووٹرز موجود ہیں۔تینوں حلقوں میں مجموعی طور پر 34 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔

تین نشستوں پر 34 امیدوار میدان میں

ایل اے 39 جموں 6 میں مسلم لیگ (ن) کے راجہ محمد صدیق، پاکستان پیپلز پارٹی کے چوہدری فخر زمان اور استحکام پاکستان پارٹی کے محمد طاہر کھوکھر سمیت 14 امیدوار مقابلہ کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :میرپور الیکشن کا بڑا اپ سیٹ، ن لیگ سب سے آگے، پیپلز پارٹی کو اہم حلقوں میں دھچکے

ایل اے 43 ویلی 4 میں مسلم لیگ (ن) کے محمد یاسین لون، پیپلز پارٹی کے جاوید بٹ اور استحکام پاکستان پارٹی کے حمزہ مجید سمیت 12 امیدوار میدان میں ہیں۔

جبکہ ایل اے 44 ویلی 5 میں مسلم لیگ (ن) کے محمد احمد رضا قادری، پیپلز پارٹی کے محمد راشد اسلام، جماعت اسلامی کے حنیف منظور ڈار اور مسلم کانفرنس کی مہرالنساء سمیت 8 امیدوار آمنے سامنے ہیں۔

192 پولنگ اسٹیشن قائم

الیکشن کمیشن نے تینوں حلقوں کے لیے مجموعی طور پر 192 پولنگ اسٹیشن قائم کیے ہیں۔ایل اے 39 جموں 6 میں 155، ایل اے 43 ویلی 4 میں 10 اور ایل اے 44 ویلی 5 میں 27 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔

راولپنڈی ضلع میں ان حلقوں کے لیے قائم 100 پولنگ اسٹیشنز میں سے 18 کو حساس قرار دیا گیا ہے، جہاں اضافی سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔

سکیورٹی پلان مکمل

ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر اور سٹی پولیس آفیسر حسن مشتاق سکھیرا کی مشترکہ صدارت میں اجلاس ہوا، جس میں انتخابی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں حساس پولنگ اسٹیشنز پر اضافی پولیس نفری تعینات کرنے، سی سی ٹی وی کیمروں کو پنجاب سیف سٹی اتھارٹی سے منسلک رکھنے، انتخابی سامان کی محفوظ ترسیل اور ٹریفک مینجمنٹ سمیت دیگر امور پر غور کیا گیا۔

حکام نے ایمرجنسی ریسپانس اور سول ڈیفنس پلان پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایات بھی جاری کیں۔

پرامن ماحول یقینی بنانے کی ہدایت

ضلعی انتظامیہ اور پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ووٹرز کو محفوظ اور سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ برقرار رکھا جائے گا۔

حکام کے مطابق کوشش ہے کہ انتخابی عمل شفاف، منظم اور پرامن انداز میں مکمل ہو تاکہ شہری بلا خوف اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔

    📰 اقوامِ متحدہ سے تازہ ترین اردو خبریں