اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیو ز ) حکومت نے عوام کی سہولت کے لیے پاسپورٹ اجرا کے نظام میں اہم تبدیلی کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت اب نارمل پاسپورٹ 21 دن کی بجائے 14 دن میں جاری کیا جائے گا۔
یہ فیصلہ محسن نقوی کی زیر صدارت ایک اجلاس میں کیا گیا، جس میں طلال چوہدری، وفاقی سیکرٹری داخلہ، ڈی جی پاسپورٹ و امیگریشن اور دیگر حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں وزیر داخلہ نے ہدایت دی کہ پاسپورٹ دفاتر میں مکمل کیش لیس نظام جلد نافذ کیا جائے تاکہ شفافیت بڑھے اور ایجنٹ مافیا کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام سے شہریوں کو سہولت اور نظام میں بہتری آئے گی۔
مزید یہ کہ پاسپورٹ کی گھر کی دہلیز تک ڈیلیوری کے نظام کو بھی مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں۔اجلاس میں بزنس پاسپورٹ کے اجرا کے نظام کو جلد حتمی شکل دینے اور اس پر کام تیز کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔حکام کے مطابق آئندہ 15 روز میں پاسپورٹ دفاتر میں مکمل کیش لیس نظام کے نفاذ کا ہدف رکھا گیا ہے، جو مجموعی طور پر پاسپورٹ سروس کو زیادہ تیز، شفاف اور سہل بنانے کی طرف ایک اہم قدم سمجھا جا رہا ہے۔