اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)ایرانی قیادت نے جاری کشیدگی کے تناظر میں واضح کیا ہے کہ جنگ کا ہر محاذ پر مکمل اور مستقل خاتمہ ناگزیر ہے۔ ذرائع کے مطابق ایرانی حکام نے مطالبہ کیا ہے کہ ٹھوس ضمانت فراہم کی جائے کہ آئندہ نہ صرف جنگ دوبارہ شروع نہیں ہوگی بلکہ ایران پر کسی بھی قسم کا حملہ بھی نہیں کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایرانی قیادت نے امریکا پر شدید عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے اور اس کی بنیادی وجہ ماضی میں ہونے والے حملے ہیں۔ حکام کے مطابق ایران پر دو مرتبہ حملے کیے جا چکے ہیں، جس کے باعث اعتماد کی فضا بری طرح متاثر ہوئی ہے اور موجودہ مذاکراتی عمل کو پیچیدگی کا سامنا ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ ایران کسی بھی ممکنہ پیش رفت کو بحری ناکہ بندی کے خاتمے سے مشروط کر رہا ہے۔ ایرانی مؤقف کے مطابق جب تک بندرگاہوں اور تجارتی راستوں پر عائد پابندیاں ختم نہیں کی جاتیں، اس وقت تک مذاکرات میں حقیقی پیش رفت ممکن نہیں۔
ذرائع کے مطابق ایران نے یہ عندیہ بھی دیا ہے کہ اگر اقتصادی پابندیوں کے مسئلے کو حل کر لیا جائے تو وہ مذاکرات کو آگے بڑھانے کے لیے تیار ہے۔ مبصرین کے نزدیک یہ شرائط اس بات کی عکاسی کرتی ہیں کہ ایران کسی بھی معاہدے سے قبل ٹھوس یقین دہانی اور عملی اقدامات کا خواہاں ہے تاکہ مستقبل میں کسی بھی قسم کی کشیدگی سے بچا جا سکے۔