کینیڈا کے شہر کیلگری میں نہایت افسوسناک اور دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے، جہاں ایک 37 سالہ باپ پر اپنے دو کمسن بچوں کے قتل کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں پانچ سالہ لڑکا اور تین سالہ لڑکی شامل ہیں، جبکہ ابتدائی تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ واقعہ بدھ کی رات آدھی رات سے کچھ دیر پہلے پیش آیا۔ حکام کے مطابق تقریباً دس گھنٹے بعد ملزم نے خود پولیس کو فون کر کے اپنے جرم کا اعتراف کیا اور اپنی موجودگی کی جگہ بھی بتا دی، جس کے بعد پولیس فوری طور پر حرکت میں آئی اور بچوں کی لاشیں ایک گاڑی سے برآمد کر لیں جو شمال مغربی کیلگری میں ایک پولیس اسٹیشن کے قریب کھڑی تھی۔
ملزم کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا اور دورانِ تفتیش اس نے اپنے جرم کا اعتراف بھی کر لیا۔ قانونی تقاضوں کے باعث ملزم اور متاثرہ بچوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی، جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کا ماضی میں کوئی مجرمانہ ریکارڈ موجود نہیں تھا اور نہ ہی اس کے خلاف کسی قسم کا حفاظتی حکم نامہ جاری کیا گیا تھا۔ ملزم کو عدالت میں پیش کر دیا گیا ہے اور وہ آئندہ سماعت تک حراست میں رہے گا، جبکہ پولیس اس افسوسناک واقعے کی مزید تفتیش جاری رکھے ہوئے ہے۔