اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں اتوار کو منعقد ہونے والی سالانہ پرائیڈ پریڈ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی، جس میں وزیراعظم مارک کارنی بھی شریک ہوئے اور شرکاء کے ساتھ مارچ کیا۔
وزیراعظم مارک کارنی نے ٹورنٹو کی میئر اولیویا چاؤ کے ہمراہ مختصر فاصلے تک پریڈ میں شرکت کی، اس دوران انہوں نے شہریوں سے مصافحہ کیا، تصاویر بنوائیں اور سڑک کے دونوں جانب موجود شرکاء کا خیرمقدم کیا۔
مارچ کے دوران کارنی نے پانی کی پستولیں اٹھائے شرکاء کو انہیں بھگونے کی ترغیب دی۔ پانی پڑنے پر انہوں نے مزاحیہ انداز میں لڑکھڑانے اور زخمی ہونے کی اداکاری کی، تاہم بھیگے ہوئے کپڑوں کے ساتھ مارچ جاری رکھا۔ وزیراعظم بننے کے بعد یہ ان کی ٹورنٹو پرائیڈ پریڈ میں پہلی شرکت تھی۔
مارک کارنی نے ان رضاکاروں کے آگے مارچ کیا جو 2016 میں امریکی ریاست فلوریڈا کے پلس نائٹ کلب میں ہونے والی فائرنگ کے 49 ہلاک اور 53 زخمی افراد کی تصاویر اور ناموں والے بینرز اٹھائے ہوئے تھے۔ اس سانحے کو دس سال مکمل ہونے پر منتظمین نے متاثرین کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
پریڈ کا آغاز دوپہر دو بجے ہوا، جبکہ شرکاء صبح ہی روزڈیل ویلی روڈ پر جمع ہونا شروع ہو گئے تھے۔
شرکاء میں شامل کرس کولنز نے کہا کہ گزشتہ دو دہائیوں کے دوران ہم جنس پرست اور دیگر جنسی شناخت رکھنے والے افراد کی سماجی قبولیت میں نمایاں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایک وقت تھا جب وہ اپنی شناخت چھپا کر پریڈ میں شرکت کرتے تھے، جبکہ اب وہ اپنے ادارے، اونٹاریو ٹیچرز انشورنس پلان، کی نمائندگی کرتے ہوئے فخر سے اس تقریب میں شریک ہوئے۔
گیبریئل اوگچیٹ نے بتایا کہ وہ اپنی والدہ فیلیشیا کے ساتھ بچپن سے ہر سال پرائیڈ پریڈ میں شریک ہوتی رہی ہیں اور کووڈ کے برسوں کے علاوہ کبھی یہ روایت نہیں ٹوٹی۔ ان کے مطابق ان کی والدہ نے انہیں ہم جنس پرست برادری کی ثقافت سے روشناس کرایا اور وہ اس روایت کو بہت اہم سمجھتی ہیں۔
پہلی مرتبہ پرائیڈ پریڈ میں شریک ہونے والے نان بائنری فرد ٹی ایل سدرلینڈ نے کہا کہ یہ دن ان کے لیے اپنی شناخت کو تسلیم کرنے اور ان دوستوں کو یاد کرنے کا موقع ہے جنہیں وہ کھو چکے ہیں، جن میں ایک دوست نے حال ہی میں خودکشی کی تھی۔ انہوں نے کینیڈا میں ذہنی صحت کی مفت سہولیات، خصوصاً نفسیاتی علاج، کی فراہمی کا مطالبہ بھی کیا۔
منتظمین کے مطابق ٹورنٹو پرائیڈ کینیڈا کا سب سے بڑا اور دنیا کا دوسرا بڑا پرائیڈ فیسٹیول ہے۔ اس سال فیسٹیول کا موضوع "We Won’t Stop” رکھا گیا ہے، جس کا مقصد ایل جی بی ٹی کیو پلس برادری کے حقوق، مساوات اور نمائندگی کے لیے جاری جدوجہد کو اجاگر کرنا ہے۔
فیسٹیول کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کوجو موڈیسٹے نے کہا کہ اس سال کا موضوع دیرپا تبدیلی کے لیے عملی اقدامات اور نئی تحریک پیدا کرنے کی عکاسی کرتا ہے۔
منتظمین نے بتایا کہ حالیہ برسوں میں تنوع، مساوات اور شمولیت سے متعلق ردعمل کے باعث متعدد کارپوریٹ اسپانسرز کی دستبرداری سے فیسٹیول کو مالی مشکلات کا بھی سامنا کرنا پڑا ہے۔