اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) کاظم غریب آبادی نے کہا ہے کہ ایران امریکا کے ساتھ تکنیکی مذاکرات اسی وقت کرے گا جب تمام شرائط پوری ہو جائیں گی اور مذاکرات کی تاریخ و مقام پر باہمی اتفاق ہو جائے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق انہوں نے امریکی ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی ان خبروں کی تردید کی جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ رواں ہفتے دوحہ میں ایران اور امریکا کے درمیان تکنیکی مذاکرات ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی کوئی ملاقات اس ہفتے طے نہیں ہے اور نہ ہی کسی تکنیکی ورکنگ گروپ کا اجلاس شیڈول کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ قطر کے ساتھ مشاورت جاری ہے، جس میں حال ہی میں طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کے تحت امریکی وعدوں پر عمل درآمد سے متعلق امور بھی شامل ہیں، جبکہ تکنیکی مذاکرات کا پہلا دور ثالث ممالک کی مشاورت اور تمام شرائط پوری ہونے کے بعد ہی منعقد کیا جائے گا۔