10
اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) پاکستان میں امارتِ اسلامیہ افغانستان کے سفیر سردار احمد شکیب نے کہا ہے کہ افغان حکومت پاکستان کے ساتھ تمام مسائل کو بات چیت اور سفارتی ذرائع سے حل کرنے کی خواہاں ہے۔
افغانستان کے سفیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کابل اور اسلام آباد کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی نے دونوں ممالک اور خصوصاً دونوں جانب کے عوام کو نقصان پہنچایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ اختلافات دوطرفہ تعلقات اور عوامی زندگی پر منفی اثرات مرتب کر رہے ہیں، تاہم امارتِ اسلامیہ کا مؤقف ہے کہ تمام تنازعات کا حل مذاکرات میں ہے۔ دوسری جانب سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی رابطوں اور مذاکرات کے تسلسل سے نہ صرف مزید کشیدگی کو روکا جا سکتا ہے بلکہ سیاسی، اقتصادی اور تجارتی تعاون کے نئے مواقع بھی پیدا ہو سکتے ہیں۔