اردو ورلڈکینیڈا ( ویب نیوز)اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے صدر مملکت عارف علوی کو پنجاب میں انتخابات کی تاریخ کے تعین کے لیے خط لکھ دیا جس کی کاپیاں چیف الیکشن کمشنر اور گورنر پنجاب کو بھی ارسال کر دی گئی ہیں۔
سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان کی جانب سے صدر مملکت کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ میں نے پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے بعد گورنر پنجاب کو 90 دن کی آئینی مدت میں انتخابات کرانے کی تاریخ طے کرنے کا کہاتھا۔ جس پر گورنر پنجاب نے اپنے جوابی خط میں موقف اختیار کیا کہ ان کے دستخط سے اسمبلی تحلیل نہیں ہوئی اس لیے وہ تاریخ دینے کے پابند نہیں ہیں
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف کی درخواست پر لاہور ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن سے گورنر سے مشاورت کے بعد انتخابات کی تاریخ طے کرنے کے احکامات جاری کیے۔ آئینی فرائض کی انجام دہی اور عدالتی احکامات پر عملدرآمد میں ناکامی آئین سے صریح انحراف ہے، آئین سے انحراف کا راستہ روکنے کے لیے سربراہ مملکت کی فوری مداخلت ناگزیر ہے۔
سپیکر نے اپنے خط میں کہا کہ الیکشن ایکٹ 2017 کا آرٹیکل 57(1) آپ کو انتخابات کے انعقاد کے آئینی تقاضے کو پورا کرنے کا اختیار دیتا ہے، لہٰذا آپ آئین سے مزید انحراف کو روکنے کے لیے پنجاب میں انتخابات کی تاریخ کا فوری اعلان کریں۔