اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا ہے کہ پاکستان آرمی ایوی ایشن کا ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر مظفر آباد کے قریب حادثے کا شکار ہو گیا۔
ہیلی کاپٹر میں سوار تمام اہلکار شہید ہو گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق ہیلی کاپٹر ٹیک آف کے دوران اچانک پیش آنے والی فنی خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہوا۔ حادثے کے فوراً بعد ریسکیو اور ریکوری ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔
فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے بورڈ آف انکوائری تشکیل دے دیا گیا ہے، جو واقعے کے تمام تکنیکی پہلوؤں کا جائزہ لے کر اپنی رپورٹ پیش کرے گا۔آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز نے حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے
نہوں نے شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وطن کے دفاع اور خدمت کے دوران جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے اہلکار قوم کا فخر ہیں اور ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے بھی مظفر آباد کے قریب پاک فوج کے ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے اپنے تعزیتی بیان میں شہید اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنے بہادر سپاہیوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔
ہیلی کاپٹر حادثے کی خبر سامنے آنے کے بعد ملک بھر میں افسوس کی لہر دوڑ گئی، جبکہ مختلف سیاسی، سماجی اور عوامی حلقوں کی جانب سے شہید اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد حادثے کی اصل وجوہات سے آگاہ کیا جائے گا۔