اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)کینیڈا میں پاکستان کے ہائی کمیشن کے زیر اہتمام اوٹاوا کے گلوبل سینٹر فار پلورلزم میں معروف پاکستانی فنکارہ عائشہ کمال کے خطاطی کے فن پاروں کی تین روزہ نمائش کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد پاکستان کے تاریخی، ثقافتی اور فنی ورثے بالخصوص خطاطی کی قدیم روایت کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا ہے۔
یومِ اقبال 2026 کے موقع پر منعقدہ نمائش کا افتتاح کینیڈا میں پاکستان کے ہائی کمشنر محمد سلیم نے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے پاکستانی فنونِ لطیفہ کو بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانے اور پاکستان کے ثقافتی تشخص کو فروغ دینے میں عائشہ کمال کی خدمات کو سراہا۔
تقریب میں کینیڈین پارلیمنٹ کے اراکین، مختلف ممالک کے سفیروں اور ہائی کمشنروں، سفارتی عملے، کینیڈا میں فنونِ لطیفہ سے دلچسپی رکھنے والی شخصیات اور پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔
نمائش میں پیش کیے گئے فن پاروں کو شرکاء کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی۔ خصوصاً خطاطی میں باریک بینی، تخلیقی مہارت، جمالیاتی حسن اور روایتی فن کو جدید انداز میں پیش کرنے کے طریقے کو سراہا گیا۔ فن پاروں کے ذریعے پاکستان میں خطاطی کے ارتقا اور اس کی گہری ثقافتی اہمیت کو بھی نمایاں کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں :پاکستانی ہائی کمشنر سے محکمہ تحفظ نباتات کے وفد کی ملاقات، پاکستان کینیڈا زرعی تجارت میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال
یہ نمائش 10 اور 11 نومبر کو بھی عوام کے لیے کھلی رہے گی، جہاں کینیڈین شہریوں اور فنونِ لطیفہ کے شائقین کو پاکستانی ثقافت، فنِ خطاطی اور اس کی تاریخی روایت سے روشناس ہونے کا موقع ملے گا۔
پاکستانی فنکارہ عائشہ کمال نے اپنی منفرد خطاطی اور فنِ تحریر کے ذریعے فنونِ لطیفہ کی دنیا میں نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔ ان کے فن پاروں میں روایتی خطاطی کے جمالیاتی عناصر کو عصری فن کے تقاضوں کے ساتھ خوبصورتی سے یکجا کیا گیا ہے، جو پاکستان کے ثقافتی ورثے کی بھرپور عکاسی کرتے ہیں۔
نمائش کے انعقاد میں ٹورنٹو اور مونٹریال میں پاکستانی قونصل جنرلز نے بھی تعاون کیا۔ اس اقدام کا مقصد پاکستان کے شاندار فنی اور ثقافتی ورثے کو کینیڈین سول سوسائٹی کے وسیع حلقوں تک پہنچانا اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان ثقافتی روابط کو مزید مستحکم کرنا ہے۔
پاکستانی ہائی کمیشن کی جانب سے اس نمائش کو دونوں ممالک کے درمیان دوستی، ثقافتی تبادلے اور عوامی روابط کے فروغ کی مسلسل کوششوں کا حصہ قرار دیا گیا ہے۔
