اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)البرٹا کی سرکاری اپوزیشن جماعت این ڈی پی کے رہنما نہید نینشی نے اعلان کیا ہے کہ وہ آئندہ صوبائی انتخابات میں ایڈمنٹن کی اپنی موجودہ نشست سے دوبارہ انتخاب نہیں لڑیں گے بلکہ کیلگری کی ایک نشست سے امیدوار ہوں گے۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں نہید نینشی نے کہا کہ وہ اسی شہر کی نمائندگی کرنا چاہتے ہیں جہاں وہ پلے بڑھے اور جہاں انہوں نے اپنی پیشہ ورانہ اور سیاسی زندگی کا بڑا حصہ گزارا۔ انہوں نے کہا کہ اگر البرٹا کے عوام کو بہتر حکومت دینی ہے تو این ڈی پی کو کیلگری میں مزید نشستیں جیتنا ہوں گی۔
تاہم، انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ وہ کیلگری کے کس حلقے سے انتخاب لڑیں گے۔اس ماہ کے آغاز میں این ڈی پی کے چار طویل عرصے سے منتخب ارکان نے بھی اعلان کیا تھا کہ وہ 2027 کے صوبائی انتخابات میں دوبارہ حصہ نہیں لیں گے، جن میں کیلگری-بفلو سے رکن اسمبلی جو سیسی بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ نہید نینشی جون 2025 میں ایڈمنٹن-سٹریتھکونا کے ضمنی انتخاب میں کامیاب ہوئے تھے۔ یہ نشست سابق این ڈی پی رہنما اور البرٹا کی سابق وزیرِاعلیٰ ریچل ناٹلی کے مستعفی ہونے کے بعد خالی ہوئی تھی۔البرٹا میں اگلے صوبائی انتخابات 18 اکتوبر 2027 کو شیڈول ہیں۔