محمد امان اللہ | کیلگری
کیلگری: کینیڈا کے شہر کیلگری میں کرائے کے گھروں کے اندر خفیہ کیمرے نصب کرنے کے سنگین مقدمے میں پولیس نے 41 سالہ شخص کے خلاف متعدد فوجداری مقدمات درج کر لیے ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزم پر الزام ہے کہ اس نے کرائے کے مکانات کے بیڈ رومز اور باتھ رومز میں خفیہ کیمرے نصب کر کے کرایہ داروں کی نجی زندگی کی خلاف ورزی کی۔
پولیس کے مطابق تحقیقات کا آغاز 8 جون 2026 کو اس وقت ہوا جب چند کرایہ داروں نے اپنے گھروں میں مشتبہ خفیہ ریکارڈنگ ڈیوائسز دریافت کیں۔ شکایات موصول ہونے کے بعد تفتیش کاروں نے جنوب مغربی کیلگری میں واقع ایک رہائش گاہ پر سرچ وارنٹ کے تحت کارروائی کی، جہاں سے متعدد الیکٹرانک اسٹوریج ڈیوائسز قبضے میں لے کر فرانزک تجزیے کے لیے بھیج دی گئیں۔
تحقیقات کے دوران حاصل ہونے والے شواہد سے یہ بھی اشارہ ملا ہے کہ شمال مغربی کیلگری میں واقع ایک اور کرائے کی پراپرٹی میں بھی اسی نوعیت کے خفیہ کیمرے نصب کیے گئے ہو سکتے ہیں۔
پولیس نے سوریونگ پارک (Sooryong Park) المعروف نِک پارک (Nick Park) پر ایک مقدمہ غیر قانونی داخلے (Break and Enter) اور پانچ مقدمات ووئیرزم (Voyeurism) کے تحت درج کیے ہیں۔ ملزم کو 7 اگست 2026 کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
کیلگری پولیس اس بات کی بھی تحقیقات کر رہی ہے کہ آیا ملزم کی ملکیت یا انتظام میں موجود وینکوور، ٹورنٹو اور کینیڈا کے دیگر شہروں میں واقع کرائے کی جائیدادوں پر بھی اسی نوعیت کے جرائم کا ارتکاب کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مزید متاثرین سامنے آ سکتے ہیں، جبکہ ابتدائی شواہد سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ ممکنہ طور پر کوریائی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی خواتین کو خاص طور پر نشانہ بنایا گیا۔
پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس اس مقدمے سے متعلق معلومات موجود ہیں یا وہ خود کو اس واقعے سے متاثرہ سمجھتے ہیں تو فوری طور پر تفتیش کاروں یا Crime Stoppers سے رابطہ کریں۔ حکام کے مطابق تحقیقات جاری ہیں اور مزید شواہد سامنے آنے کی صورت میں ملزم کے خلاف مزید الزامات بھی عائد کیے جا سکتے ہیں۔