اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ورلڈ یوتھ اسکلز ڈے کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارتوں سے آراستہ نوجوان ہی ملکی ترقی اور خوشحالی میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت صوبے کے نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارتوں سے لیس کرنے کے لیے پرعزم ہے اور نوجوانوں کو فری لانسنگ، آئی ٹی اور مختلف ٹیکنیکل ٹریڈز میں آگے بڑھنے کی ترغیب دی جا رہی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ نوجوان کسی بھی قوم کا سب سے قیمتی اثاثہ اور مستقبل کے معمار ہوتے ہیں، اسی لیے پنجاب حکومت نے انہیں ہنرمند بنانے کے لیے خطیر فنڈز مختص کیے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ آسان کاروبار اور آسان فنانس اسکیم کے تحت ایک لاکھ 8 ہزار سے زائد افراد کو قرضے فراہم کیے جا چکے ہیں، جبکہ آسان کاروبار اسکیم کے تحت نوجوانوں کو 10 لاکھ سے 3 کروڑ روپے تک کے بلاسود قرضے دیے جا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ایگریکلچر انٹرن شپ پروگرام کے تحت 2 ہزار نوجوانوں کو 60 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دیا جا رہا ہے۔ اسی طرح ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹس میں عالمی معیار کے مطابق ٹیکنالوجی، کنسٹرکشن، میسن، ویلڈنگ، ٹائل فکسنگ اور ہیوی وہیکل مینٹیننس سمیت جدید کورسز کرائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پنجاب بھر سے 10 ہزار نوجوانوں کو بین الاقوامی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک میں روزگار کے مواقع فراہم کیے گئے ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب میں پہلی مرتبہ نصاب میں ای کامرس، ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور جدید آئی ٹی کورسز شامل کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سحر پروگرام کے تحت صوبے بھر کی 5 ہزار 365 خواتین کو جدید بیوٹی، ہاسپیٹلٹی اور ایئرلائن مینجمنٹ کے کورسز کروائے جا رہے ہیں، جبکہ پروگرام میں شامل خواتین کو مفت لیپ ٹاپ اور 7 ہزار 500 روپے ماہانہ وظیفہ بھی دیا جا رہا ہے۔