اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) محسن نقوی کی جانب سے پاکستان سپر لیگ میں شریک ٹیموں کے اعزاز میں ایک پُروقار عشائیے کا اہتمام کیا گیا۔
یہ عشائیہ دو دریا کے مقام پر واقع ایک معروف ریسٹورنٹ میں دیا گیا، جس میں پی ایس ایل کی تمام ٹیموں کے کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف اور دیگر آفیشلز نے شرکت کی۔ اس موقع پر کھلاڑیوں کو خوشگوار ماحول میں ایک دوسرے کے ساتھ وقت گزارنے کا موقع ملا۔
اس سے قبل بھی پی ایس ایل میں شریک کھلاڑیوں نے کراچی کے خوبصورت ساحل کا رخ کیا تھا۔ چند روز پہلے ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑیوں نے ٹرٹل بیچ پر پکنک منائی اور مختلف تفریحی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔پکنک کے دوران دونوں ٹیموں کے درمیان والی بال کا دوستانہ مقابلہ بھی ہوا، جبکہ کھلاڑیوں نے گھڑ سواری اور جیٹ اسکی جیسے دلچسپ مشاغل سے بھی لطف اٹھایا۔
پی سی بی حکام کے مطابق اس طرح کی سرگرمیوں کا مقصد کھلاڑیوں کو ذہنی سکون فراہم کرنا اور ٹورنامنٹ کے دوران دوستانہ ماحول کو فروغ دینا ہے، تاکہ وہ میدان میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں۔