اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) فٹبال کے عالمی مقابلے میں ایرانی ٹیم کی شرکت سے متعلق عالمی تنظیم FIFA نے ایران کو اہم پیشکش کر دی ہے۔
عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق فیفا نے ایرانی فٹبال فیڈریشن کو اپنے مرکزی دفتر زیورخ آنے کی دعوت دی ہے تاکہ عالمی کپ میں ایران کی شرکت سے متعلق معاملات کو حتمی شکل دی جا سکے۔رپورٹ کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور جنگی صورتحال کے باعث ایران کی شرکت غیر یقینی کا شکار ہے، تاہم عالمی فٹبال تنظیم اس معاملے کے حل کے لیے سرگرم ہے۔
فیفا حکام کا کہنا ہے کہ ایران کو 20 مئی تک زیورخ میں ہونے والے اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے تاکہ ٹیم کی شرکت، سکیورٹی اور دیگر انتظامی امور پر بات چیت کی جا سکے۔دوسری جانب فیفا کے صدر پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ ایران عالمی کپ 2026 میں ضرور شرکت کرے گا اور اپنے میچز طے شدہ شیڈول کے مطابق امریکہ میں ہی کھیلے گا۔واضح رہے کہ فٹبال کا عالمی کپ 2026 کینیڈا ، میکسیکو اور امریکہ میں منعقد ہوگا، تاہم موجودہ صورتحال کے باعث ایران کی شرکت عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔