کینیڈا میں ویسٹ جیٹ کو پرواز منسوخی پر دو مسافروں کو 2 ہزار ڈالر معاوضہ دینے کا حکم

اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا کے سول ریزولوشن ٹریبونل نے فضائی کمپنی ویسٹ جیٹ کو پرواز منسوخ ہونے اور مسافروں کو رات بھر تاخیر کا سامنا کرنے پر ایک جوڑے کو مجموعی طور پر 2 ہزار ڈالر معاوضہ ادا کرنے کا حکم دیا ہے، تاہم مسافروں کی جانب سے کھانے پینے کے اخراجات میں شراب کے بل کی مکمل ادائیگی کا مطالبہ مسترد کرتے ہوئے اس میں 50 فیصد کٹوتی کردی گئی۔

13 نومبر کو جاری کیے گئے ٹریبونل کے فیصلے کے مطابق کیون اور سوزن مائلز نے 2024 میں میکسیکو کے شہر کینکون سے برٹش کولمبیا کے شہر کاملوپس کا سفر کیا تھا۔ ان کی پرواز منسوخ ہونے کے باعث انہیں رات بھر تاخیر کا سامنا کرنا پڑا، جس پر جوڑے نے فضائی مسافروں کے تحفظ کے ضوابط کے تحت مجموعی طور پر 2 ہزار ڈالر معاوضے کا مطالبہ کیا تھا۔ اس کے علاوہ تاخیر کے دوران کھانے پینے پر ہونے والے اخراجات کی واپسی بھی طلب کی گئی تھی۔

ویسٹ جیٹ کا مؤقف مسترد، پرواز کی منسوخی ایئرلائن کے کنٹرول میں قرار

ویسٹ جیٹ نے مسافروں کے مطالبے کی مخالفت کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ پرواز کی منسوخی حفاظتی مقاصد کے لیے ضروری طیارے کی مرمت اور دیکھ بھال کے باعث ہوئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں :ویسٹ جیٹ فلائٹ اٹینڈنٹس نے نیا معاہدہ منظور کرلیا، تنخواہوں میں 18 فیصد سے زائد اضافہ

تاہم ٹریبونل نے ایئرلائن کی وضاحت قبول نہیں کی اور قرار دیا کہ مسئلہ کمپنی کے اپنے کنٹرول میں تھا، کیونکہ طے شدہ مرمتی کام کے لیے ضروری آلات دستیاب نہیں تھے۔

ٹریبونل نے فیصلے میں دونوں مسافروں کو فی کس ایک ہزار ڈالر، یعنی مجموعی طور پر 2 ہزار ڈالر معاوضہ ادا کرنے کا حکم دیا۔

شراب کے 79 ڈالر کے بل پر نصف رقم کی ادائیگی کا حکم

مسافروں نے تاخیر کے دوران کھانے پینے پر مجموعی طور پر 144.57 ڈالر خرچ کیے تھے، جس میں 79.90 ڈالر صرف شراب کی خریداری پر خرچ ہوئے تھے۔

ٹریبونل نے قرار دیا کہ فضائی مسافروں کے تحفظ کے ضوابط میں الکحل والے مشروبات کے اخراجات کی واپسی پر واضح پابندی موجود نہیں، تاہم جوڑے کی جانب سے کھانے کے مقابلے میں شراب پر زیادہ رقم خرچ کرنے کا مکمل بل ایئرلائن سے وصول کرنا مناسب نہیں تھا۔

فیصلے کے مطابق مسافر کھانے کے اخراجات کی مد میں تقریباً 65 ڈالر اور شراب کے اخراجات کا صرف 50 فیصد واپس لینے کے حق دار ہیں۔

کلاس میں تنزلی کے اضافی معاوضے کا مطالبہ بھی مسترد

ٹریبونل نے جوڑے کا طیارے کے کیبن یا سفری کلاس میں تنزلی کے باعث 1550 ڈالر اضافی معاوضے کا مطالبہ بھی مسترد کردیا۔

ویسٹ جیٹ اس سے قبل مسافروں کو 157 ڈالر کے ویسٹ جیٹ ڈالرز ادا کرچکی تھی۔ ٹریبونل کے مطابق جوڑے اپنے اصل فضائی ٹکٹوں کی قیمت کے حوالے سے مطلوبہ ثبوت فراہم نہیں کرسکے، اس لیے اضافی معاوضے کا مطالبہ منظور نہیں کیا جاسکتا۔

اس فیصلے میں واضح کیا گیا ہے کہ پرواز کی منسوخی اور تاخیر کے معاملات میں ایئرلائن کی ذمہ داری کا تعین اس بات سے ہوگا کہ مسئلہ کمپنی کے کنٹرول میں تھا یا نہیں، جبکہ اخراجات کی واپسی کے لیے مسافروں کو اپنے مطالبات کا مناسب جواز اور ثبوت بھی فراہم کرنا ہوگا۔

ہمیں فالو کریں

[uw_related_posts]