دفاعی صلاحیت میں بڑی پیش رفت متوقع،،چین کا جدید اسٹیلتھ لڑاکا طیارہ پاکستان کو دینے کا امکان

اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)چینی اخبار ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ نے انکشاف کیا ہے کہ چین کے پہلے پانچویں نسل کے پوشیدہ نشانے سے بچنے والے لڑاکا طیارے کا نیا ماڈل تیار ہو چکا ہے، جس پر چینی فضائیہ کے بجائے سرکاری ادارے ایوی ایشن انڈسٹری کارپوریشن آف چائنا کا نشان نصب کیا گیا ہے۔

اخبار کے مطابق یہی ادارہ بیرونِ ملک چینی جنگی طیارے برآمد کرتا ہے اور حکومتِ چین نے اس نئے لڑاکا طیارے کو بیرون ملک فروخت کرنے کا فیصلہ بھی کر لیا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق پہلا ممکنہ خریدار پاکستان ہو سکتا ہے جو اپنے دفاعی ساز و سامان کا بڑا حصہ چین سے حاصل کرتا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر یہ جدید لڑاکا طیارہ پاکستان کے دفاعی نظام کا حصہ بن جاتا ہے تو اس سے فضائی دفاعی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ اس طیارے میں نصب جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے دشمن کے دفاعی نظام اور دور فاصلے پر موجود اہم عسکری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی صلاحیت بھی حاصل ہو سکتی ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ نیا لڑاکا طیارہ جدید ترین فضائی جنگی صلاحیتوں کا حامل ہے اور اسے مستقبل کی جنگی حکمت عملی میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر پاکستان اور چین کے درمیان یہ دفاعی معاہدہ طے پاتا ہے تو یہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو نئی بلندیوں تک پہنچا سکتا ہے اور خطے میں طاقت کے توازن پر بھی اثر ڈال سکتا ہے۔

ہمیں فالو کریں