اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)محکمہ آفاتِ سماوی کے ادارے پی ڈی ایم اے پنجاب نے ملک بھر میں آئندہ چند روز کے دوران شدید گرمی کی لہر اور گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق 7 سے 11 مئی کے دوران جنوبی اور وسطی علاقوں میں جبکہ 8 سے 10 مئی کے دوران بالائی علاقوں میں شدید گرمی کی لہر کا امکان ہے۔ اسی دوران بعض مقامات پر درجۂ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہ سکتا ہے۔
بالائی پنجاب کے مختلف اضلاع جیسے لاہور، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، سرگودھا، میانوالی، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خوشاب، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال اور قصور میں درجہ حرارت 39 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
جنوبی پنجاب کے اضلاع ڈیرہ غازی خان، لیہ، بھکر، راجن پور، کوٹ ادو، بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان اور خانیوال میں درجہ حرارت 43 سے 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، جسے ماہرین غیر معمولی حد تک شدید گرمی قرار دے رہے ہیں۔
محکمۂ موسمیات اور این ڈی ایم اے کے مطابق جنوبی پنجاب، بالائی سندھ اور بلوچستان کے بعض علاقوں میں بھی گرمی کی شدت معمول سے کہیں زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
اسی دوران بالائی علاقوں میں درجۂ حرارت بڑھنے کے باعث گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کا خطرہ بھی ظاہر کیا گیا ہے، جس پر متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی ہے کہ ہیٹ ویو کے دوران حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ خصوصاً بچوں، خواتین، بزرگوں اور بیمار افراد کو غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے روکیں اور پانی کا زیادہ استعمال کریں۔
ماہرین کے مطابق موجودہ موسمی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنا انتہائی ضروری ہے تاکہ گرمی کی شدت اور ممکنہ آفات کے اثرات کو کم کیا جا سکے۔