اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)اسلام آباد کے سفارتی علاقے میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے امریکی سفارت خانے کا دورہ کیا جہاں انہوں نے امریکی سفیر نیٹلی بیکر سے ملاقات کی۔
ملاقات ڈپلومیٹک انکلیو میں ہوئی جس میں پاک امریکا تعلقات کے فروغ اور خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے آئندہ مذاکراتی مرحلے کے لیے کیے گئے سکیورٹی انتظامات پر بھی گفتگو کی۔
امریکی سفیر نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد نے سفارتی سطح پر مثبت اور تعمیری کردار ادا کیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے ملاقات میں آگاہ کیا کہ آئندہ مذاکراتی مرحلے کے لیے فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ تمام غیر ملکی وفود کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس عمل کی کامیابی کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کر رہی ہے۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ پاکستان کی کوشش ہے کہ یہ مذاکرات کامیابی سے آگے بڑھیں اور خطے میں استحکام کی راہ ہموار ہو۔ انہوں نے اس موقع پر دعا اور امید کا اظہار بھی کیا کہ مذاکرات کا دوسرا مرحلہ مثبت نتائج دے گا۔
ملاقات میں اعلیٰ سکیورٹی حکام بھی موجود تھے جن میں متعلقہ اداروں کے سربراہان اور اسلام آباد انتظامیہ کے افسران شامل تھے، جنہوں نے سکیورٹی اور انتظامی امور پر بریفنگ دی۔