اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)پنجاب میں مون سون بارشوں کا دوسرا سلسلہ کل (19 جولائی) سے شروع ہونے جا رہا ہے، جس کے دوران صوبے کے بیشتر اضلاع میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
ترجمان صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق 19 سے 24 جولائی تک مون سون کا دوسرا اسپیل جاری رہے گا، جس میں کم وقت کے دوران زیادہ بارش ہونے کا امکان ہے۔ شہریوں اور متعلقہ اداروں کو ممکنہ صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیرآباد، فیصل آباد، خوشاب، سرگودھا، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ صاحب اور چنیوٹ میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ نورپور تھل، بھکر، میانوالی، لیہ، بہاولپور، بہاولنگر، ڈیرہ غازی خان، ملتان، خانیوال، لودھراں، مظفرگڑھ، کوٹ ادو، رحیم یار خان اور راجن پور میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، ملتان اور فیصل آباد میں اربن فلڈنگ کا خدشہ موجود ہے، جبکہ مقامی ندی نالوں، نالہ لئی، کشمیر، مری، گلیات اور شمال مشرقی پنجاب کے برساتی نالوں میں طغیانی آ سکتی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر عباس میلہ نے تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہیں، نکاسی آب کے انتظامات مکمل رکھیں اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات یقینی بنائیں۔
دوسری جانب لاہور سمیت پنجاب بھر میں گزشتہ چند روز سے مون سون بارشوں میں وقفے کے باعث گرمی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ لاہور میں درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ چکا ہے، جبکہ محکمہ موسمیات کے مطابق زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ تاہم مون سون کے نئے اسپیل کے آغاز کے بعد گرمی کی شدت میں کمی آنے کی توقع ہے۔