اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)مونٹریال کے مغربی علاقے کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ برسوں کی سفری مشکلات اب ختم ہونے کے قریب ہیں، کیونکہ نئی تیز رفتار ریل سروس جلد شہر کے مرکز کو مغربی علاقوں سے جوڑنے جا رہی ہے۔
ریزو ایکسپریس میٹروپولیٹین کے تحت چودہ کلو میٹر طویل نئی توسیع پیر کے روز باضابطہ طور پر کھولی جائے گی، جس کے ذریعے شہر کے مرکز اور مغربی علاقے کے درمیان براہِ راست رابطہ قائم ہوگا۔
اس توسیع کے تحت چار نئے ریل اڈے قائم کیے گئے ہیں، جن میں ڈیس سورسز اسٹیشن، فیئرویو پوائنٹ کلیئر اسٹیشن، کرکلینڈ اسٹیشن اور آنس آ لورم اسٹیشن شامل ہیں۔ ان نئے اڈوں کے بعد پورے نظام میں ریل اڈوں کی تعداد تئیس ہو جائے گی۔
حکام کے مطابق شہری اس ہفتے کے اختتام پر بغیر کرایہ اس نئی سروس کا تجربہ کر سکیں گے۔
مغربی علاقے کے رہائشیوں نے اس منصوبے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب شہر کے ایک کونے سے دوسرے کونے تک سفر آسان ہو جائے گا۔ شہریوں کے مطابق تعطیلات کے دنوں میں بڑی شاہراہوں پر شدید ہجوم اور بندش کے باعث سفر دشوار ہو جاتا تھا، مگر نئی ریل سروس سے لوگوں کو بہتر متبادل میسر آئے گا۔
جان بیلویڈیر نے کہا کہ گزشتہ تیس برس سے مغربی علاقے میں بہتر عوامی سفری نظام کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔
میشیل بودرو نے کہا کہ مغربی علاقہ ماضی میں عوامی سفری سہولتوں سے محروم رہا، جبکہ ایرول جانسن کے مطابق اس نئی سروس سے نہ صرف مقامی شہری بلکہ شہر کے دیگر علاقوں کے لوگ بھی آسانی سے مغربی حصے تک پہنچ سکیں گے۔
ایرول جانسن، جو ویسٹ آئی لینڈ بلیوز فیسٹ کے بانی بھی ہیں، نے کہا کہ بہتر سفری رابطے کے بعد اس موسیقی میلے میں شرکت کرنے والوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
بلدیاتی حکام کے مطابق مغربی علاقے کی معیشت اور صنعتی سرگرمیوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، اس لیے بہتر سفری نظام کی ضرورت بھی بڑھتی جا رہی تھی۔ ان کا کہنا ہے کہ نئی ریل سروس سے صنعتی علاقوں میں کام کرنے والے افراد کو ہفتے کے ساتوں دن اور طویل اوقات میں آمدورفت کی سہولت ملے گی۔
تاہم حکام نے خبردار کیا ہے کہ نئی سروس کے آغاز کے ساتھ بعض مقامات پر ٹریفک اور گاڑیاں کھڑی کرنے کے مسائل بھی پیدا ہو سکتے ہیں۔ خاص طور پر آنس آ لورم اسٹیشن پر موجود دو سو گاڑیوں کی گنجائش صبح کے اوقات میں ناکافی ثابت ہو سکتی ہے۔