اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آیت اللہ علی خامنہ ای ایک عظیم عالم اور رہنما تھے، جنہیں نہ صرف ایران بلکہ دنیا بھر کے کروڑوں مسلمان ہمیشہ عزت و احترام کے ساتھ یاد رکھیں گے۔
ایرانی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آیت اللہ علی خامنہ ای نے اپنی زندگی میں ثابت قدمی، جرات، صبر اور دوراندیشی کا عملی مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم سپریم لیڈر نے انتہائی خلوص اور غیرمتزلزل عزم کے ساتھ ایران اور اس کے عوام کی خدمت کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ وہ پاکستان کی جانب سے ایران پہنچے ہیں تاکہ آیت اللہ علی خامنہ ای کی وفات پر ایرانی عوام، ان کے اہل خانہ اور قیادت سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ حملوں میں سپریم لیڈر کے علاوہ ہزاروں ایرانی شہری بھی جان کی بازی ہار گئے، جن پر پاکستان کو گہرا دکھ ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان اور ایران برادر اسلامی ممالک ہیں اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان مضبوط مذہبی، تاریخی اور ثقافتی رشتے موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے اور پاکستان ایرانی عوام کے ساتھ اپنی مکمل یکجہتی کا اعادہ کرتا ہے۔
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کی دعوت پر ایران کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مرحوم سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی نماز جنازہ اور تدفین کی تقریبات میں شرکت کی۔