اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب پر ہونے والے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انہیں ناقابلِ قبول قرار دیا ہے۔
وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر حملے ناقابلِ قبول ہیں اور یہ خطے کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی سلامتی اور تحفظ کے لیے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور اس مشکل گھڑی میں برادر ملک کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام، سلامتی اور باہمی افہام و تفہیم کے فروغ کے لیے ہر مخلصانہ کوشش کی حمایت جاری رکھے گا۔
اس سے قبل پاکستان نے بھی سعودی عرب پر حوثیوں کے بیلسٹک میزائل حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے اپنی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کا مشرقِ وسطیٰ، خصوصاً یمن کی صورتحال پر ہنگامی اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب عثمان جدون نے خطاب کیا۔
عثمان جدون نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ پاکستان یمن کی خودمختاری، آزادی، اتحاد اور علاقائی سالمیت کا حامی ہے اور خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے خاتمے کے لیے مذاکرات، سفارت کاری اور تحمل کی پالیسی اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ یمن میں سعودی اتحادی افواج کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی کے مطابق حوثیوں نے سعودی عرب کے جنوبی علاقے کی جانب بیلسٹک میزائل داغے، تاہم سعودی فضائی دفاعی نظام نے تمام میزائل فضا ہی میں تباہ کر دیے۔
یاد رہے کہ حوثیوں نے اس سے قبل صنعا ایئرپورٹ پر مبینہ فضائی حملوں کا الزام سعودی عرب پر عائد کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ اس کارروائی کے نتائج بھگتنا ہوں گے۔