پاکستان کینیڈا ایسوسی ایشن کی اسپیشل جنرل باڈی میٹنگ کورم پورا نہ ہونے کے باعث ملتوی

محمد امان اللہ / 26-06-22

پاکستان کینیڈا ایسوسی ایشن کی اسپیشل جنرل باڈی میٹنگ کورم پورا نہ ہونے کے باعث ملتوی

فادرز ڈے کی مصروفیات کے باعث مطلوبہ تعداد میں اراکین شرکت نہ کر سکے، اجلاس اگست کے آخر تک مؤخر

بائی لاز میں مجوزہ ترامیم پر مفید مشاورت، آئندہ اجلاس مزید مؤثر انداز میں منعقد کرنے پر اتفاق

کیلگری (نیوز ڈیسک)

پاکستان کینیڈا ایسوسی ایشن (PCA) کیلگری کی جانب سے اتوار کے روز پی سی اے ہال میں اسپیشل جنرل باڈی میٹنگ منعقد کی گئی، تاہم بائی لاز کے مطابق مطلوبہ کورم مکمل نہ ہونے کے باعث اجلاس اپنے بنیادی ایجنڈے پر کارروائی نہ کر سکا، جس کے بعد اسے اگست کے آخر تک مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد پی سی اے کے صدر اظہر ہنجرا نے اجلاس کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر ایک مستقل رکن نے نشاندہی کی کہ ہال میں موجود اراکین کی تعداد بائی لاز کے تحت مقررہ کورم سے کم ہے، لہٰذا اجلاس کی باضابطہ کارروائی ممکن نہیں۔

اس دوران بعض اراکین کی جانب سے یہ سوال بھی اٹھایا گیا کہ آیا تمام ممبران کو مقررہ طریقۂ کار کے مطابق بروقت اطلاع فراہم کی گئی تھی یا نہیں۔ انتظامیہ نے وضاحت کی کہ بائی لاز کے مطابق تمام اراکین کو وقت پر مطلع کیا گیا تھا، تاہم فادرز ڈے کی مصروفیات کے باعث متعدد ممبران اجلاس میں شرکت نہ کر سکے۔

اگرچہ کورم کی عدم دستیابی کے باعث اجلاس اپنے اصل مقاصد حاصل نہ کر سکا، تاہم پی سی اے کی بائی لاز کمیٹی کی جانب سے تیار کردہ مجوزہ ترامیم اور سفارشات کے اہم نکات شرکاء کے سامنے پیش کیے گئے۔ اس موقع پر اراکین نے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا اور متعدد مفید تجاویز اور سفارشات پیش کیں، جنہیں آئندہ غور و خوض کے لیے ریکارڈ کا حصہ بنا لیا گیا۔

اجلاس کے شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ بائی لاز میں مجوزہ تبدیلیوں کے مختلف پہلوؤں پر ہونے والی مشاورت نہایت مفید اور تعمیری رہی، جس سے آئندہ جنرل باڈی اجلاس کے لیے بہتر تیاری اور واضح سمت متعین کرنے میں مدد ملے گی۔

آخر میں فیصلہ کیا گیا کہ اسپیشل جنرل باڈی میٹنگ/اے جی ایم کو اگست کے آخر تک مؤخر کر دیا جائے اور آئندہ اجلاس کو مزید منظم، مؤثر اور بھرپور شرکت کے ساتھ منعقد کیا جائے تاکہ کمیونٹی کے بہترین مفاد میں مجوزہ اصلاحات اور فیصلوں کو حتمی شکل دی جا سکے۔

بعد ازاں مطلوبہ کورم کی عدم موجودگی کے باعث اجلاس خوش اسلوبی اور باہمی احترام کے ماحول میں اختتام پذیر ہوا۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔

    📰 اقوامِ متحدہ سے تازہ ترین اردو خبریں