کینیڈا کے صوبے کیوبیک کی وزیراعظم کرسٹین فریشیٹ فرانس کے سرکاری دورے پر پیرس پہنچ گئی ہیں جہاں وہ فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون سے اہم ملاقات کریں گی۔
ملاقات پیر کے روز ایلیزے محل میں ہوگی، جس میں دونوں رہنما باہمی تجارت، دفاعی تعاون اور سرمایہ کاری سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔کیوبیک حکومت کے مطابق اس دورے کا بنیادی مقصد فرانس کے ساتھ معاشی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا اور یورپی منڈی میں کیوبیک کی برآمدات بڑھانا ہے۔ خاص طور پر دفاعی صنعت اور اہم معدنیات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔
کرسٹین فریشیٹ اپنے فرانسیسی ہم منصب سیباستین لیکورنو سے بھی ملاقات کریں گی۔ اس موقع پر کیوبیک کے وزرا کرسٹوفر اسکیٹ اور میتھیو لاکومب بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔ ملاقاتوں میں یورپ میں بڑھتے ہوئے دفاعی اخراجات اور اس تناظر میں کیوبیک کمپنیوں کے لیے نئے تجارتی مواقع پر گفتگو متوقع ہے۔حکام کے مطابق یورپی ممالک اس وقت دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی تیاری کر رہے ہیں، اور کیوبیک حکومت چاہتی ہے کہ صوبے کی کمپنیاں دفاعی معاہدوں میں زیادہ کردار حاصل کریں۔
اسی مقصد کے تحت فریشیٹ مختلف کاروباری رہنماؤں اور سرمایہ کاروں سے بھی ملاقاتیں کریں گی۔یاد رہے کہ سابق وزیراعظم فرانسوا لیگالٹ نے فرانس کے ساتھ تجارتی حجم کو دوگنا یا تین گنا کرنے کا ہدف مقرر کیا تھا، تاہم اعداد و شمار کے مطابق کیوبیک کی فرانس کو برآمدات میں معمولی اضافہ ہوا ہے۔ 2024 میں برآمدات کا تناسب 1.6 فیصد تھا جو 2025 میں بڑھ کر 1.8 فیصد تک پہنچا، جبکہ کیوبیک اب بھی امریکی منڈی پر زیادہ انحصار کرتا ہے۔کرسٹین فریشیٹ کا یہ اقتصادی مشن 20 مئی تک جاری رہے گا، جس کے دوران مزید تجارتی اور سفارتی ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔