اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)امریکی فوج کی مرکزی کمان (سینٹکام) نے ایران کے خلاف مسلسل نویں رات فوجی کارروائیاں مکمل کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ ایران کے مختلف علاقوں میں دھماکوں کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔
ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق تبریز کے مغربی حصے سے تین دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جبکہ شہر سے شدید آتش زدگی کی ویڈیوز بھی سامنے آئی ہیں۔ تاہم ایرانی حکام نے واقعے کی نوعیت یا نقصان سے متعلق کوئی باضابطہ تفصیلات جاری نہیں کیں۔
غیر سرکاری ذرائع کا دعویٰ ہے کہ تبریز میں میزائل اڈوں کو نشانہ بنایا گیا، جنہیں اس سے قبل بھی اسرائیلی اور امریکی حملوں کے دوران ہدف بنایا جا چکا ہے۔ادھر ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے ارنا نے مقامی حکام کے حوالے سے بتایا کہ چابہار اور کنارک میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق صوبہ بوشہر کے شہر خورموج میں پاسدارانِ انقلاب کے ایک اڈے کو نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں، تاہم اس کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں کی گئی۔
دوسری جانب سینٹکام نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ امریکی فورسز نے ایران کے فوجی کمانڈ سینٹرز، فضائی دفاعی نظام، ساحلی نگرانی کے مراکز، بحری صلاحیتوں، میزائل اور ڈرون لانچ سائٹس، اور مواصلاتی نیٹ ورکس کو نشانہ بنایا۔
سینٹکام کے مطابق ان کارروائیوں کا مقصد آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی جہازوں اور شہری ملاحوں پر حملے کرنے کی ایران کی صلاحیت کو مزید کمزور کرنا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ امریکی افواج کمانڈر اِن چیف کی ہدایات کے تحت کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور فورسز مکمل طور پر چوکس، مشن پر مرکوز اور کسی بھی کارروائی کے لیے تیار ہیں۔